انٹرٹینمنٹ
23 جولائی ، 2017

رنبیر کپور کی فلم ’’جگا جاسوس‘‘ امیدوں پر پورا نہ اتر سکی

رنبیر کپور کی فلم ’’جگا جاسوس‘‘ امیدوں پر پورا نہ اتر سکی

بالی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور اور کترینہ کیف کی فلم ’’جگا جاسوس‘‘ امیدوں پر پورا نہ اترسکی اور ریلیز کے بعد سے صرف 46 کروڑ کا بزنس ہی کرسکی ہے۔

رنبیر کپور اور کترینہ کیف نے ایک دوسرے سے طویل عرصہ تعلق کے بعد گزشتہ سال کنارہ کشی اختیار کرلی تھی لیکن فلم "جگا جاسوس" کی کامیابی کی خاطر تشہیری مہم کے لیے دونوں نے اپنے معاملات کو پس پشت ڈال کر ایک ساتھ کام کیا تھا۔

فلم ’’جگا جاسوس‘‘ کی نمائش متعدد بار روکی گئی، اس فلم کا سب کو شدت سے انتظار تھا لیکن اب فلم نے ریلیز کے 9 روز کے اندر ہی فلمسازوں اور فلم بینوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 100 کروڑ سے زائد کے بھاری بجٹ سے فلم بنائی گئی لیکن ریلیز کے روز ہی جگا جاسوس نے باکس آفس پر مایوس کن آغاز کیا اور فلم نے 9 روز میں بھارت میں صرف 46 کروڑ سمیٹے ہیں۔

فلم کے پروڈیوسرز میں اداکار رنبیر کپور بھی شامل ہیں جنہیں فلم کی کامیابی کے حوالے سے بہت امید تھی۔

فلم جگا جاسوس بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی کوئی خاص بزنس نہیں کرسکی جس کے بعد فلم کے اخراجات پورا کرنا مشکل ہوگئے ہیں۔ فلم کی باکس آفس پر ناکامی کی صورت میں رنبیر پہلے ہی ڈسٹری بیوٹرز کو پیسوں کی ادائیگی کا وعدہ کرچکے ہیں۔

کترینہ کی یہ مسلسل چوتھی ناکام فلم ہوگی جب کہ رنبیر کپور بھی مسلسل 2 فلموں کی ناکامی کے بعد ’’اے دل ہے مشکل‘‘ کے ذریعے فلم نگری میں واپس قدم جمانے میں کامیاب ہوگئے تھے تاہم جگا جاسوس ناکام ہوئی تو انہیں ایک مرتبہ پھر مایوسی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مزید خبریں :