پاکستان
23 جولائی ، 2017

اگر نواز شریف جائیں گے تو عمران خان پکے جائیں گے، خورشید شاہ

اگر نواز شریف جائیں گے تو عمران خان پکے جائیں گے، خورشید شاہ

قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ استعفیٰ دینا یا نہ دینا وزیراعظم کی مرضی اور سیاست ہے تاہم اگر نواز شریف گئے تو عمران خان بھی پکے جائیں گے۔

سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا استعفیٰ پوری قوم کا مطالبہ ہے تاہم استعفیٰ دینا یا نہ دینا نواز شریف کی مرضی ہے تاہم جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد 10 میں بہت کچھ ہے، بولنا اور اسے ثابت کرنا الگ الگ چیز ہے جب کہ سپریم کورٹ کے نیب سے متعلق ریمارکس موجود ہیں۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سیاستدان آج کرپشن کی وجہ سے بدنام ہورہے ہیں، پاناما کیس کا فیصلہ آنے تک کچھ بھی کہنا نہیں چاہیے کیوں کہ فیصلہ آنے تک کچھ کہنا قبل از وقت ہوتا ہے اس لئے تحریک انصاف کو بھی یہی کہتے ہیں کہ فیصلہ آنے دیں چاہے تو اس کے بعد بات کریں۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ سیاستدانوں کو عوام کے لئے رول ماڈل ہونا چاہیے، ان کا کام صرف ووٹ مانگنا نہیں ہوتا، ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو دونوں قوم کے رول ماڈل تھے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کو نیب قانون کے بل کی منسوخی کا اختیار حاصل ہے تاہم تین مرتبہ گورنر ہاؤس کو بل پیش ہونے کی صورت میں یہ از خود قانونی شکل اختیار کرجائے گا، خیبرپختونخوا میں نیب نہیں اب سندھ میں بھی ایسا ہی ہوجائے گا۔

ریلوے ڈرائیوروں کی ہڑتال سے متعلق قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ ریلوے ہڑتال میں کوئی سیاست نہیں چاہتے، ریلوے ڈرائیورز اپنی ہڑتال 3 دن تک مؤخر کریں اور عوام کو ان کے گھروں تک پہنچائیں جب کہ حکومت سے بھی درخواست ہے کہ ڈرائیوروں سے مذاکرات کریں۔

مزید خبریں :