پاکستان
23 جولائی ، 2017

وزیراعظم نے ہر فورم پر خود کواحتساب کیلیے پیش کیا، طارق فضل چودھری

وزیراعظم نے ہر فورم پر خود کواحتساب کیلیے پیش کیا، طارق فضل چودھری

 اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے ہر فورم پر اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کیا جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان فلیٹ سے متعلق اپنا منی ٹریل دینے میں ناکام رہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عدالت میں لکھ کردیا ہے کہ ان کے پاس منی ٹریل نہیں اس کے باوجود انہوں نے اور ان کی جماعت کے رہنماؤں نے طوفان بدتمیزی برپاکررکھا ہے۔

طارق فضل نے کہا کہ ہم تین نسلوں کا حساب دے رہے ہیں جبکہ عمران  ایک نسل کا حساب بھی نہیں دے پارہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنے والد کے زمانے کا حساب دینے کے پابند نہیں تھے، دوسروں کوہدف تنقید بنانیوالے نےخود حساب دینے سے انکارکردیا، عمران خان! آپ کے ساتھ یہ مکافات عمل ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کو اس سے پہلے بھی سیاسی میدان میں شکست دی تھی۔

صحافیوں کا احتجاج

پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے خاتون صحافی سے بدسلوکی کے خلاف احتجاج کیا جس پر طارق فضل چودھری نے کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔

اطلاعات کے مطابق خاتون صحافی نے پمز ہسپتال میں ظفر حجازی کی ویڈیو بنائی تھی۔

طارق فضل نے کہا کہ پمزاسپتال انتظامیہ نے جوزیادتی کی ہے اس پر کارروائی کریں گے، اسپتال سے واقعے کی ویڈیو منگوالی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کیلیے وزارت داخلہ سے رابطہ کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگلے24 گھنٹوں میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔

مزید خبریں :