کھیل
24 جولائی ، 2017

مکی آرتھر پاکستان پہنچ گئے، آج اہم ملاقاتیں کریں گے

مکی آرتھر پاکستان پہنچ گئے، آج اہم ملاقاتیں کریں گے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر جنوبی افریقہ سے براستہ دبئی لاہور پہنچ گئے جہاں وہ آج اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد اپنے ملک جنوبی افریقہ چلے گئے تھے جہاں وے وہ غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز ای کے 622 کے ذریعے لاہور پہنچے۔

مکی آرتھر نے لاہور ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات کرنے سے گریز کیا اور سخت سیکورٹی میں روانہ ہو گئے۔ فزیو شین ہیز الگ فلائٹ سے لاہور پہنچیں گے۔

لاہور آمد پر وہ پی سی بی حکام اور سلیکٹرز کے ساتھ مل کر قومی ٹیم کے کیمپ کے بارے میں پلاننگ کریں گے۔امکان ہے کہ مکی آرتھر پیر کی شام پی سی بی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

ان کی ڈائریکٹر ہارون رشید اور چیف سلیکٹر انضمام الحق سےملاقات میں دیگر کوچز کو ٹریننگ کیمپ میں دی جانے والی ذمے داریوں پر بھی بات چیت ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر سے آج شعبہ انٹرنیشنل کرکٹ کے اعلیٰ عہدیدار بھی ملاقاتیں کریں گے اور ہیڈ کوچ کی مشاورت سے مستقبل کی حکمت عملی طے کی جائے گی جب کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کیمپ سےمتعلق بھی معاملات طے کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ ، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاوراور فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن کی کارکردگی سے ناخوش ہیں اس لیےمکی آرتھر سے کوچنگ اسٹاف کے بارے میں فیڈ بیک لیا جائے گا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مکی آرتھر کی مشاورت سے ان کوچز کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا امکان ہے۔

مکی آرتھر کی لاہور آمد سے قبل پی سی بی ہائی پرفارمنس کیمپ میں نوجوان کرکٹرز نے فٹنس اور فیلڈنگ کی مشقیں جاری ہیں۔

لاہور کی قومی کرکٹ اکیڈمی میں ہائی پرفارمنس کیمپ کو شروع ہو ئے تین ہفتوں سے زائد ہو گئے ہیں اور یہ کیمپ10 ہفتوں پر مشتمل ہے۔

مزید خبریں :