پاکستان
24 جولائی ، 2017

غیرملکی فنڈںگ کیس: تحریک انصاف نے حنیف عباسی کے الزامات مسترد کردیے

غیرملکی فنڈںگ کیس: تحریک انصاف نے حنیف عباسی کے الزامات مسترد کردیے

تحریک انصاف نے حنیف عباسی کے ممنوع و غیر ملکی فنڈنگ کے الزامات مسترد کرتے ہوئے بیرون ملک سے فنڈ ریزنگ کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرادیں۔

غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست کا جواب جمع کرادیا جس میں کہا گیا ہے کہ حنیف عباسی کے الزامات بدنیتی پر مبنی ہیں جب کہ درخواست گزار نے اپنے الزامات ثابت کرنے کے لئے کوئی ٹھوس ثبوت نہیں دیے۔

تحریک انصاف نے بیرون ملک سے فنڈ ریزنگ کی تفصیلات بھی سپریم کورٹ میں جمع کراتے ہوئے حنیف عباسی کے ممنوع و غیر ملکی فنڈنگ کے الزامات مسترد کردیے۔  

پی ٹی آئی کی جانب سے جواب میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک مقیم دہری شہریت رکھنے والوں سے فنڈز اکٹھے کیے گئے، فارن ایجنٹ کمپنی کو ذرائع سے ملنے والے فنڈ ممنوع یا غیر ملکی نہیں ہیں۔

پی ٹی آئی نے جواب میں کہا کہ اقلیتوں کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے، آئین پاکستان میں مسلم اور غیر مسلم کے ساتھ کوئی امتیاز نہیں برتا گیا جب کہ پی ٹی آئی پر الزام لگایا گیا کہ غیر مسلموں سے ممنوع اور غیرملکی فنڈنگ لی گئی، حنیف عباسی نے یہ الزام لگا کر پاکستان کی اقلیتی برادری کے منہ پر طمانچہ مارا جب کہ اعلیٰ عدلیہ کے ایک عظیم جج کا تعلق بھی اقلیت سے تھا۔

تحریک انصاف نے جواب میں کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ امتیازی سلوک ہو رہا ہے، پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کا آڈٹ ماضی کا حصہ بن چکا ہے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے بھی بیرون ملک فنڈ ریزنگ کی تاہم دونوں جماعتوں نے اس کی تفصیلات فراہم نہیں کیں جب کہ پی ٹی آئی عدالت کو تفصیلات فراہم کرچکی ہے۔

مزید خبریں :