انٹرٹینمنٹ
24 جولائی ، 2017

رشی کپور بیٹے رنبیر کی فلم ’’جگا جاسوس‘‘ کی ناکامی پر بھڑک اٹھے

رشی کپور بیٹے رنبیر کی فلم ’’جگا جاسوس‘‘ کی ناکامی پر بھڑک اٹھے

بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور بیٹے رنبیر کپور کی فلم’’جگا جاسوس‘‘ کی ناکامی کا ذمہ دار ہدایت کار انوراگ باسو کو ذمہ دار قرار دے دیا۔

رنبیر کپور کی فلم ’’جگا جاسوس‘‘ کی نمائش متعدد بار روکی گئی اور اب فلم ریلیز کے بعد باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہیں کرسکی ہے جب کہ 110 کروڑ کے بھاری بجٹ سے بننے والی فلم تاحال 53 کروڑ ہی کما سکی ہے۔

فلم کے پروڈیوسر اور مرکزی کردار رنبیر کپور پہلے ہی فلم کی ناکامی کی صورت  میں ڈسٹری بیوٹرز کے نقصان کا ازالہ کرنے کی حامی بھر چکے ہیں لیکن اب فلم کے باکس آفس پر کم بزنس نے فلمسازوں کو پریشان کردیا ہے۔

رنبیر کپور نے فلم کی ناکامی پر خاموشی اختیار کررکھی ہے لیکن ان کے والد رشی کپور بیٹے کے نقصان پر بھڑک اٹھے ہیں اور ہدایت کار انوراگ باسو کو ذمہ دار ٹھہرا دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے انٹرویو میں رشی کپور کا کہنا تھا کہ انوراگ باسو نے وقت پر فلم مکمل ہی نہیں کی وہ ایک غیر ذمہ دار ہدایت کار ہے جب کہ فلم کی نمائش سے ایک روز قبل تک تمام چیزوں پر ابہام کا شکار تھے۔

انہوں نے کہا کہ فلمسازوں نے نمائش سے قبل کسی سے بھی اس پر رائے لینا مناسب نہیں سمجھا۔ رشید کپور نے کہا کہ  ایکتا کپور کا 2003 میں فلم ’’کچھ تو ہے‘‘ کی ہدایت کاری سے انوراگ کو نکالنے کا فیصلہ بالکل درست تھا اور ساتھ ساتھ راکیش کو بھی ان کے ساتھ کام کرنے میں مسائل تھے۔

مزید خبریں :