پاکستان
25 جولائی ، 2017

لاہور خودکش حملے کے بعد فضا سوگوار: شہدا کی تدفین کا سلسلہ جاری

لاہور خودکش حملے کے بعد فضا سوگوار: شہدا کی تدفین کا سلسلہ جاری

فیروز پور روڈ خودکش حملے کے بعد لاہور کی فضا سوگوار ہے جب کہ واقعے میں شہید ہونے والے افراد کی نماز جنازہ اور تدفین کا سلسللہ جاری ہے۔

فیروز پور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب گزشتہ روز ہونے والے خود کش حملے میں 9 پولیس اہلکاورں سمیت 26 افراد شہید اور 58 زخمی ہوئے۔

رات گئے 9 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت پولیس حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

فیروز پور روڈ دھماکے میں شہید دو بھائیوں کی نماز جنازہ شادی پورہ بند روڈ کے علاقے میں ادا کی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جب کہ شہید خرم نذیر کی نماز جنازہ بورے والا میں ادا کی گئی جس میں ڈی سی وہاڑی سمیت سول و پولیس حکام نے شرکت کی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اتفاق اسپتال کے مختلف وارڈز میں زیرعلاج دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی اور حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے دھماکے کے زخمیوں کو گلدستے بھی بھجوائے گئے۔

دھماکے کے 54 زخمی اب بھی مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جنرل اسپتال میں 35، جناح میں 13، اتفاق اسپتال میں 5 اور سروسز اسپتال میں ایک زخمی زیر علاج ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور ’خودکش دھماکا‘: 9 پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد شہید اور 58 زخمی

وزیراعظم نواز شریف، سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے لاہور خودکش حملے کی شدید مذمت کی۔

واضح رہےکہ 13 فروری کو بھی لاہور میں دہشت گردی کی کارروائی ہوئی تھی جس میں پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر خودکش حملے کے نتیجے میں ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشنز زاہد گوندل سمیت 13 افراد جاں بحق اور 85 زخمی ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :