پاکستان
25 جولائی ، 2017

لاہور دہشت گردی جیسے واقعات حوصلے پست نہیں کر سکتے، آرمی چیف

لاہور دہشت گردی جیسے واقعات حوصلے پست نہیں کر سکتے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ لاہور دہشت گردی جیسے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور ہیڈکوارٹر لاہور میں سیکیورٹی اجلاس ہوا جس دوران انہیں گزشتہ روز  ہونے والے دھماکے اور اس کی تحقیقات کے دوران اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب نے مل کر لڑی اور لاہور دہشت گردی جیسے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ 

سربراہ پاک فوج نے لاہور دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے لئے خصوصی طور پر لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جنرل اسپتال میں زخمیوں کی عیادت بھی کی۔

آرمی چیف نے زخمیوں کو گلدستے پیش کیے اور ان کی خیریت دریافت کی۔

اس موقع کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی اور آئی جی پنجاب عثمان خٹک بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے فیروز پور روڈ پر مبینہ خودکش حملے کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد شہید اور 57 زخمی ہوئے تھے۔

مزید خبریں :