پاکستان
25 جولائی ، 2017

عبدالباسط کی قبل ازوقت ریٹائرمنٹ لینے کی درخواست منظور

فارن سروس کے سینئر ترین افسر عبدالباسط نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق عبدالباسط نے جونیئر افسر کو ترجیح دینے پر قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا اور اپنی درخواست وزیراعظم کو بھجوادی۔

ذرائع نے بتایا کہ عبدالباسط کے مطابق وہ اس وقت دفتر خارجہ میں سینئر ترین افسر ہیں اور سیکریٹری خارجہ کےعہدے کے لیے اہل ہیں لیکن ان کو نظر انداز کرکے جونیئرز کو اعلیٰ عہدوں پر لگایا جارہا ہے جس کی وجہ سے انہوں نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کےمطابق وزیراعظم نوازشریف نے عبدالباسط کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواست منظور کرلی ہے۔

عبدالباسط اس وقت بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور انہیں اپریل 2018 میں ریٹائر ہونا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ آئندہ ماہ عبدالباسط کی جگہ ترکی میں تعینات پاکستانی سفیر سہیل محمود بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

واضح رہے کہعبدالباسط دفتر خارجہ کے ترجمان رہ چکے ہیں اور مئی 2012 سے مارچ 2014 تک جرمنی میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

مزید خبریں :