پاکستان
25 جولائی ، 2017

سندھ اسمبلی میں وزیراعظم کے فوری مستعفی ہونے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور

سندھ اسمبلی میں وزیراعظم کے فوری مستعفی ہونے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور

سندھ اسمبلی نے وزیراعظم نواز شریف کے استعفے کے لئے قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی۔

پیپلز پارٹی کی رکن خیرالنساء مغل کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کی وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونی کی قرار ایوان میں پیش کی گئی جس کے بعد تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان نے اس حوالے سے اپنی قرار داد واپس لے لی۔

قرار داد کے متن کے مطابق جے آئی ٹی رپورٹ سامنے آنے کے بعد وزیراعظم نواز شریف وزارت عظمیٰ کے منصب پر رہنے کا اخلاقی جواز کھوچکے ہیں اس لئے انہیں فوری طور پر عہدہ چھوڑ دینا چاہیے، قرارداد میں پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی بھی تعریف کی گئی ہے۔ 

وزیراعظم کے استعفے کے لئے پیش کردہ قرارداد پر پیپلزپارٹی کے علاوہ تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ارکان نے بھی حمایت میں ووٹ دیا جب کہ مسلم لیگ فنکشنل اور مسلم لیگ نون کی جانب سے ایوان کی کارروائی کا واک آؤٹ کیا گیا۔ 

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی مسلم لیگ نون کو سیاسی شہید نہیں ہونے دے گی، نواز شریف وزارت عظمیٰ کے منصب پر رہنے کا جواز کھو چکے ہیں اس لئے انہیں فوری استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ ملک میں ایک وزیراعظم کے جانے اور دوسرے کے آنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت چلتی رہے اور حکومت اپنی مدت پوری کرے۔

مزید خبریں :