انٹرٹینمنٹ
25 جولائی ، 2017

مدھو بالا مادام تساؤ کی زینت بنیں گی

مدھو بالا مادام تساؤ کی زینت بنیں گی

ماضی کی خوبصورت لیجنڈری اداکارہ مدھو بالا بھی اب مادام تساؤ میوزیم کی زینت بنیں گی۔

رواں سال نئی دہلی میں بھی مادام تساؤ میوزیم قائم کیا جا رہا ہے جہاں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، سچن ٹنڈولکر اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے مجسمے رکھے جائیں گے۔

مادام تساؤ انتظامیہ نے میوزیم میں مدھو بالا کا مجسمہ رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے جو کہ بالی وڈ کی شہرہ آفاق فلم ’’مغل اعظم‘‘ میں ان کے کردار انار کلی سے لیا جائے گا۔

مادام تساؤ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مدھوبالا کئی دہائیاں گزر جانے کے باوجود بھی لاکھوں دلوں میں زندہ ہیں اور امید ہے کہ ان کا قدرتی حسن مداحوں کو ایک بار پھر اپنی طرف کھینچے گا۔

مدھو بالا کا اصلی نام ممتاز جہاں تھا اور بھارتی فلم انڈسٹری کی تاریخ ان کے ذکر کے بغیر ادھوری تصور کی جاتی ہے۔ 

اگرچہ مدھو بالا 9 سال کی عمر میں فلم انڈسٹری میں آئیں مگر بطور ہیروئن کی پہلی فلم 1947 میں ریلیز ہونے والی ’’نیل کمال‘‘ تھی۔

مدھو بالا کو فلم ’’محل‘‘ سے شہرت ملی جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑکر نہیں دیکھا اور راج کپور، اشوک کمار، دیو آنند، دلیپ کمار اور کشور کمار سمیت تمام صف اول کے ادکاروں کے ساتھ کام کیا۔

دلیپ کمار اور مدھو بالا کی جوڑی کئی شہرہ آفاق فلموں نظر آئی اور دونوں نے ایک ساتھ بے حد مقبولیت حاصل کی۔ 1960 میں بننے والی فلم ’’مغل اعظم‘‘ کو دونوں لیجنڈری اداکاروں کی یادگار ترین فلم مانا جاتا ہے۔

لاکھوں دلوں پر راج کرنے والی مدھو بالا نے 1960 میں دلیپ کمار سے عشق میں ناکامی کے بعد کشور کمار سے شادی کی اور 1969 میں صرف 36 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

مزید خبریں :