پاکستان
26 جولائی ، 2017

لاہور دھماکے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل

لاہور دھماکے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل

محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور دھماکے کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔

لاہور کے علاقے فیروز پور روڈ پر مبینہ خودکش حملے کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کا نوٹی فکیشن جار ی کردی گیا ہے جس کے مطابق جے آئی ٹی کی سربراہی ایس ایس پی سی ٹی ڈی ملک اقبال کریں گے۔

جے آئی ٹی میں سی ٹی ڈی کے انسپکٹر انویسٹی گیشن محمد صدیق اور انسپکٹر سی آئی اے طارق الیاس کیانی ٹیم کے ممبر ہوں گےجب کہ آئی ایس آئی اور آئی بی کے 2 نمائندے بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ 24 جولائی کو لاہور کے علاقے فیروز پور روڈ پر 3 بج کر 55 منٹ پر ہونے والے مبینہ خودکش حملے میں 9 پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد شہید اور 57 زخمی ہوئے تھے۔

تفتیش میں پیشرفت

انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق تفتیش میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جس سے پتا چلا ہے کہ مبینہ خودکش حملہ آور موٹرسائیکل کی بجائے رکشے پر آیا جو گجومتہ اور کاہنہ کی طرف سے ہوتا ہوا سبزی منڈی پہنچا۔

انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہےکہ حملہ آور کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے لیکن اس کی عمر 16 سے 17 سال کے درمیان ہے، اس کی ٹانگ اور سر کے بال ڈی این اے کے لیے بھجوادیئے گئے ہیں۔

انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق دھماکے میں تباہ ہونے والی تمام موٹرسائیکلوں کی شناخت ہوگئی ہے، تمام تباہ شدہ موٹرسائیکلیں شہید یا زخمی ہونے والے افراد کی ہیں۔

دھماکے کا مقدمہ درج

مبینہ خودکش حملے کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی  ڈی) نے درج کرلیا ہے جس میں 3 نامعلوم دہشت گردوں کا ذکر کیا گیا ہے جس میں ایک دہشت گرد اور 2 اس کے سہولت کار ہیں۔

مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن 7 کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں دفعہ 302 اور 324 سمیت دہشت گردی کی دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق 2 سہولت کاروں نے اپنے دہشت گرد ساتھی کو مقررہ ہدف پر چھوڑا اور پھر اس سے گلے مل کر سبزی منڈی کی طرف چلے گئے جب کہ حملہ آور نے درخت کے سائے میں بیٹھے پولیس اہلکار اور شہریوں کے پاس جا کر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔

 

مزید خبریں :