پاکستان
26 جولائی ، 2017

نیب کے متبادل احتساب کمیشن لانا ہمارا اختیار ہے، وزیراعلیٰ سندھ

نیب کے متبادل احتساب کمیشن لانا ہمارا اختیار ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو ( نیب) کے متبادل نظام لانا حکومت کا اختیار ہے جب کہ خیبرپختونخوا میں بھی عدالت نے احتساب کمیشن بنانے کی اجازت دی۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گورنر محمد زبیر کی جانب سے نیب کی منسوخی کا بل مسترد کئے جانے کے بعد اسمبلی بل کو دوبارہ پاس کر چکی ہے تاہم نیب کے متبادل نظام لانا ہمارے اختیار میں ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ایوان کو بتایا کہ سندھ احتساب کمیشن کے سربراہ کا تقرر ایک کمیٹی کرے گی جب کہ کمیٹی میں اسپیکر اور اپوزیشن ارکان بھی شامل ہوں گے اور احتساب کمیشن کے چیرمین کے کام میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ کا نیب قانون ختم کرنے کے بل کی توثیق سے انکار

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ نیب نے ٹریکٹر اسکیم کو کلین چٹ دی لیکن اس میں غبن ثابت ہوا جب کہ آر او پلانٹس کو نیب نے کلین چٹ دی ہوئی ہے، نیب کسی چیز پر ہاتھ ڈال دے تو کوئی کچھ نہیں کرسکتا۔

اپوزیشن کی جانب سے تنقید کئے جانے پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے پوری اسمبلی اور اسپیکر کو بدنیت کہا یہ درست نہیں، آپ حکومت اوراسپیکر کے لیے سخت الفاظ استعمال نہیں کرسکتے۔

خیال رہے کہ وزیر قانون سندھ ضیا لنجار نے 3 جولائی کو "نیب آرڈیننس 1999 سندھ" منسوخی کا بل اسمبلی میں پیش کیا تھا جسے حکومت نے اپوزیشن کے شدید احتجاج کے باوجود منظور کرلیا تھا۔

یاد رہے کہ نیب آرڈیننس منسوخی بل کی منظوری سے نیب کا سندھ میں صوبائی حکومت کے ماتحت اداروں اور افسران کے خلاف کارروائی کا اختیار ختم ہوجائے گا جب کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سندھ میں صرف وفاقی اداروں کے حکام کے خلاف کارروائی کا مجاز ہوگا۔

مزید خبریں :