پاکستان
26 جولائی ، 2017

عمران خان کی سپریم کورٹ سے پاناما کیس کا فیصلہ جلد سنانے کی اپیل

عمران خان کی سپریم کورٹ سے پاناما کیس کا فیصلہ جلد سنانے کی اپیل

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ جلد سنایا جائے کیوںکہ اس کی وجہ سے سارا ملک رکا ہوا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں حالات بگڑ رہے ہیں اور معیشت تباہ ہوگئی ہے جب کہ پوری قوم سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کررہی ہے اور ملک کو اس وقت چیف ایگزیکٹو کی ضرورت ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے پتا ہے کہ معزز ججز پر بہت دباؤ ہوگا، مجھے منوانے کے لئے 2 ارب دے رہے تھے تو سوچیں ججز پر کتنا پریشر ہوگا۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پیپلز پارٹی فرینڈلی اپوزیشن کی راہ سے ہٹ گئی ہے، اس وقت خورشید شاہ اور پیپلز پارٹی اچھا کام کر رہے ہیں، کوئی بھی سیدھے راستے پر آجائے تو اس کی حمایت کرنی چاہیے۔

عمران خان کے مطابق ایفیڈرین کیس میں پکڑے جانے والے شخص نے مجھ پر کیس کر دیا اور اگر میں نااہل ہوا تو یہ بہت چھوٹی قیمت ہوگی، اب یہ جہانگیر ترین کا کیس سامنے لے آئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے چیرمین نے کہا کہ کسی جمہوریت میں کبھی سنا کہ کسی ملک کا وزیراعظم اقامہ لے کر دوسرے ملک کا سیلز منیجر بنا ہو، ارسطو بنا ہوا ان کا ایک وزیر بڑی معتبر باتیں کرتا ہے اور وہ بھی ایک ملک کا اقامہ لے کر بیٹھا ہے جب کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے دبئی میں ڈیڑھ ڈیڑھ ارب روپے کے گھر ہیں، یہ سارے قوم کے مجرم  اور واقعی گاڈ فادر ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ فلیٹ لینے کی منی ٹریل جو ناممکن تھی وہ بھی عدالت میں دکھا دی، انہوں نے عدالت میں ابھی تک ایک بینک ٹرانزیکشن نہیں دکھائی جب کہ حکمرانوں کی جانب سے پیش کردہ دستاویزات فراڈ نکلیں، بجائے اپنی صفائی پیش کرنے کے کہا جارہا ہے ملک میں باقی بھی سب کرپٹ ہیں۔ 

عمران خان نے کہا کہ ایک کھلاڑی 60 لاکھ روپے کا فلیٹ لیتا ہے اس کا مقابلہ چوری کے پیسا باہر بھیجنے والے سے کرایا جا رہا ہے، میری منی ٹریل کے بارے میں شک نہیں ہونا چاہیے میں نے ساری چیزیں دے دیں۔

چیرمین پی ٹی آئی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں بھائی معصوم شکلیں بنا کر قوم کو بیوقوف بنا رہے ہیں، یہ قوم کو پاگل سمجھتے ہیں اور 30 سال سے بیوقوف بنا رہے ہیں جب کہ کئی ممالک نے وزیراعظم نواز شریف کو دورے کی دعوت دے کر منسوخ کردی ہے۔

مزید خبریں :