صحت و سائنس
28 جولائی ، 2017

چہرہ کے حسن کو برقرار رکھنے کے لیے لال صندل مفید

چہرہ کے حسن کو برقرار رکھنے کے لیے لال صندل مفید

ماہرین کے مطابق لال صندل چہرے کی متعدد شکایات کو دور کردیتی ہے اور حسن کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

چہرے پر دھول مٹی سے کیل مہاسے اور داغ دھبے کی شکایات عام ہیں جس سے چہرہ کی رونق ہلکی پڑ جاتی ہے۔

جِلدی ماہرین کے مطابق چہرے کی حفاظت کے لیے قدرتی اشیاء کا استعمال کرنا زیادہ مفید ہے کیونکہ چہرے کی جلد حساس ہوتی ہے اس لیے کیمیکل کا استعمال کرنا اکثر نقصان دہ ثابت ہوجاتا ہے۔

صندل کی لکڑی اور سادہ صندل آسانی سے مل جاتی ہے لیکن لال صندل آسانی سے نہیں پائی جاتی۔مارکیٹ میں اکثر صرف لال صندل کا پاوڈر دستیاب ہوتا ہے۔ اس کا پاوڈر آسانی سے پنساری کی دکان پر دستیاب ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق لال صندل کو دیگر قدرتی اشیاء کے ساتھ استعمال کر کے چہرے کی بیشر شکایات سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔

اگر چہرے کی جلد خشکی کا شکار ہے تو اس کے لیے بہترین طریقہ ہے کہ ناریل کے تیل کے ساتھ لال صندل کو ملائیں اور پیسٹ بنا کر چہرے پر لگایا جائے۔

اس پیسٹ کو 10 سے 15 منٹ لگا کر خشک کریں اور پھر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔لال صندل جلد کی خشکی دور کرکے چہرہ کو پر رونق کرنے میں کار آمد ثابت ہو گی۔

جہاں چہرے پر خشکی کی شکایت ہوتی ہے وہیں کئی چہرے بہت زیادہ آئلی بھی ہوتے ہیں۔ اس کے لیے لال صندل میں لیموں کے قطرے شامل کر کے پیسٹ بنا کر چہرے پر لگانے سے آئلی جلد کی شکایت دور ہوجاتی ہے۔

اس پیسٹ کو لگانے کے بعد چہرہ نیم گرم پانی سے دھونا چاہیئے۔لال صندل سیبم کو جلد میں جذب کرنے میں مدد فراہم کرتی اور ساتھ ہی جلد کے مسام کو مضبوط کرتی ہے۔

چہرے پرکیل مہاسے اور داغ دھبے ختم کرنے میں لال صندل انتہائی مفید ہے ۔ لال صندل پاوڈر میں گلاب کا پانی، شہد اور ایک چٹکی ہلدی ڈال کر پیسٹ بنا کر چہرے پر لگانے سے ان تمام شکایات سے بچا جاسکتا ہے۔

ساتھ ہی ایکنی سے ہونے والی چبھن اور خارش کا بھی خاتمہ ہوتا ہے کیونکہ لال صندل میں جلد کو ٹھنڈا اور تازگی بخشنے والی خصوصیات شامل ہیں۔

چہرے کی رنگت کو نکھارنے کے لیے لال صندل پاوڈر میں دودھ، دہی اور ہلدی ملا کر پیسٹ لگانا چہرہ کی رنگت نکھار دیتا ہے یہ جلد کی دو رنگ کی  شکایت کو بھی دور کردیتی ہے۔

اس کا پیسٹ ہفتہ میں دو بار استعمال کیا جائے۔ لال صندل کو صرف دودھ میں ملا کر بھی روزلگانے سے آنکھوں کے ہلکے بھی دور ہوجاتے ہیں۔

دھوپ میں زیادہ دیر تک رہنے سے چہرہ سورج کی شعاعوں سے متاثر ہوجاتا ہے جس کے نتیجے میں چہرے پر سرخ دھبے پڑجاتے ہیں۔اس کے لیے کھیرے کا رس، دہی اور لال صندل کا پیسٹ دھوپ سے پیدا ہونے والے نشانوں کے خاتمے کے لیے مؤثر ہے۔

مزید خبریں :