شہر شہر
31 جولائی ، 2017

کراچی میں مسلح ڈاکو پیٹرول پمپ کے عملے سے 13 لاکھ روپے لوٹ کر فرار

کراچی میں مسلح ڈاکو پیٹرول پمپ کے عملے سے 13 لاکھ روپے لوٹ کر فرار

عائشہ منزل کے قریب مسلح ملزمان پیٹرول پمپ کے عملے سے 13 لاکھ سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

جیونیوز کے مطابق کراچی کے علاقے عائشہ منزل پر صبح کے اوقات میں پیٹرول پمپ پر ڈکیتی ہوئی اور مسلح ملزمان عملے سے 13 لاکھ روپے سے زائد رقم لے کر فرار ہوگئے۔

نمائندہ کے مطابق پیٹرول پمپ کا عملہ 13 لاکھ روپے قریبی بینک میں جمع کرانے جارہا تھا کہ اس دوران ہائی روف میں سوار مسلح ملزمان نے اس سے اسلحے کے زور پر رقم لوٹ لی اور فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان جس ہائی روف میں سوار تھے اس کا نمبر جی ایس 1836 بتایا جارہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ پمپ کا عملہ جس وقت رقم لے کر نکلا ان کے ساتھ کوئی سیکیورٹی گارڈ موجود نہیں تھا جب کہ قوانین کے مطابق بڑی رقم کی منتقلی کے موقع پر پولیس کو آگاہ کیا جاتا ہے لیکن اس حوالے سے پولیس کو کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہےکہ واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے اور دیکھا جارہا ہے کہ کہیں ملزمان کو پہلے ہی رقم جمع کرائے جانے کی اطلاع تھی۔ پولیس کا کہنا ہےکہ واردات میں پمپ کے عملے کے ملوث ہونے کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔

مزید خبریں :