پاکستان
03 اگست ، 2017

وفاقی کابینہ کی تشکیل کے معاملات طے پا گئے،ذرائع

وفاقی کابینہ کی تشکیل کے معاملات طے پا گئے،ذرائع

اسلام آباد: حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) میں وفاقی کابینہ کی تشکیل کے معاملات دو روز کے بعد بالآخر طے پاگئے۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ وفاقی کابینہ کل صبح 9 بجے حلف اٹھائے گی جبکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت پہلا اجلاس بھی کل ہو گا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ صدر مملکت ممنون حسین وفاقی کابینہ سے حلف لیں گے۔

آج مری میں میاں نوازشریف کی زیرصدارت ہونے والے مشاورتی اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، شہبازشریف، حمزہ شہباز، کیپٹن (ر) صفدر اور حسین نواز شریک تھے۔

اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مری میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی تھی جب کہ اجلاس میں میاں نوازشریف کی لاہور روانگی اور سپریم کورٹ میں قانونی جنگ لڑنے سے متعلق بات چیت ہوئی تھی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں وفاقی کابینہ سے متعلق معاملات تو طے نہ ہوسکے لیکن اس دوران وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع نے گزشتہ روز کے اجلاس کی اندرونی کہانی بتاتے ہوئے کہا کہ میاں نوازشریف نے نئی کابینہ میں جنوبی پنجاب سے وزرا شامل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ نئے وزرا کی کابینہ میں شمولیت پر چھوٹے صوبوں کو ضرور شامل کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور شہبازشریف میاں نوازشریف کو مجوزہ وزرارتی فہرست دیں گے جس کی منظوری میاں نوازشریف دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ کابینہ کی فہرست کی منظوری کے بعد وفاقی کابینہ حلف اٹھائے گی۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ میاں نوازشریف نے پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے طلب کیا ہے جس میں وہ خود شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق میاں نوازشریف پارٹی کی صدارت کسی اور کو سونپ کر خود پارٹی کے بانی یا رہبر کے طور پر کام کریں گے کیونکہ پاناما کیس کے فیصلے کےبعد پارٹیز آرڈر 2002 کے تحت میاں نوازشریف پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتے۔

دوسری جانب چیرمین تحریک انصاف عمران خان بھی مری میں موجود ہیں اور مری میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز اور مریم اورنگزیب نتھیا گلی کو جانے والے عمران خان کے کانوائے کے ساتھ ساتھ ہی چلے گئے تاہم غلطی کا احساس ہونے پر لیگی رہنماؤں نے اپنا کانوائے واپس موڑ لیا اور ڈونگا گلی چلے گئے۔

مزید خبریں :