انٹرٹینمنٹ
03 اگست ، 2017

کوک اسٹوڈیو سیزن 10 میں 40 گلوکار قومی ترانہ پڑھیں گے

کوک اسٹوڈیو سیزن 10 میں 40 گلوکار قومی ترانہ پڑھیں گے

 کراچی: کوک اسٹوڈیو نے پاکستان کی 70 ویں جشن آزادی کے موقع پر سیزن 10 میں پرفارم کرنے والے تمام 40 گلوکاروں کے ہمراہ مشترکہ پڑھا جانے والا قومی ترانہ ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 ایک اعلامیے کے مطابق پرعزم پیغام کے ساتھ یہ قومی ترانہ ملک میں میوزک کے بے مثال میوزک پلیٹ فارم کوک اسٹوڈیو کے 10ویں سیزن کا بہترین آغاز ہوگا۔

گزشتہ آخری تین سیزنز کے دوران کوک اسٹوڈیو کی جانب سے ہر سیزن کو شروع کرنے سے قبل پاکستانی قوم کو ملی نغموں کا تحفہ پیش کیا گیا ہے۔ ان قومی نغموں کو ملک بھر میں پسند کیا گیا۔

سیزن 8 میں سوہنی دھرتی اور سیزن 9 میں اے راہ حق کے شہیدوں جیسے نغمے عوام میں بہت زیادہ پسند کئے گئے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آخری دونوں سیزنز جشن آزادی کے موقع پر متعارف کرائے گئے۔

 کوکا۔کولا پاکستان کے جنرل منیجر رضوان یو خان نے بتایا، "دس سال قبل کوک اسٹوڈیو قائم کیا گیا جس کا مقصد یہ تھا کہ منفرد پلیٹ فارم فراہم کرکے ملک کے مختلف علاقوں اور گھرانوں سے تعلق رکھنے والے مشہور اور گمنام آرٹسٹوں کو اکھٹا کیا جائے اور اس سے منفرد ساؤنڈ آف دی نیشن تخلیق ہو۔ ہمیں فخر ہے کہ کوک اسٹوڈیو نے اس مشکل کام کو بہترین انداز سے نبھایا ہے اور اس ضمن میں مختلف چیزوں کو الگ کرنے کے بجائے انہیں قبول کرکے اتحاد کو فروغ دیا ہے۔ کوک اسٹوڈیو نے حقیقی طور پر مثالی میوزک پیش کی ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں سنی جاتی ہے اور یہ پاکستان کے ثقافتی ورثے کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرتی ہے۔"

اسٹرنگز کوک اسٹوڈیو کے 7ویں سیزن سے بطور ایگزیکٹو پروڈیوسرز وابستہ ہے جس نے خصوصی طور پر تیار کئے گئے قومی ترانے کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "پاکستانی میوزک انڈسٹری کے بعض انتہائی بڑے ناموں کو قومی ترانہ پڑھنے کے لئے اکھٹا کرنے کے ساتھ ہم یہ امید کرتے ہیں کہ ہر پاکستانی کے دل میں حب الوطنی اور قومی شعور کا احساس اجاگر ہوگا۔ یہ بات اس لئے بہت اہمیت رکھتی ہے کیونکہ ہم اپنی آزادی کے 70 سال مکمل کررہے ہیں۔"

کوک اسٹوڈیو میں قومی ترانے کی ریکارڈنگ کا کام اسٹرنگز کی نگرانی میں کیا گیا جس میں میوزک کے مختلف آلات استعمال کئے گئے ہیں۔ اس کی ریکارڈنگ کے دوران شریک ہر گلوکار اور موسیقار انتہائی جذبے سے شامل ہوا اور قومی ترانے کی خصوصی طور پر تیاری کے لئے ایک قوت کے طور پر اکھٹے ہوئے۔

کوک اسٹوڈیو کا 10واں سیزن 11 اگست کو ریلیز ہوگا۔

مزید خبریں :