کاروبار
07 اگست ، 2017

شوگر ملز مالکان کی ہڑتال: کراچی کے بازاروں میں چینی کی قلت پیدا ہونے لگی

شوگر ملز مالکان کی ہڑتال: کراچی کے بازاروں میں چینی کی قلت پیدا ہونے لگی

شوگرملز مالکان کی ہڑتال کے باعث آج کراچی کی مارکیٹوں میں چینی کی عدم سپلائی کا چھٹا روز ہے۔

کراچی ہول سیل مارکیٹ کے ذرائع کے مطابق شوگر ملرز نے آج بھی چینی کی سپلائی نہیں کی اور بازاروں میں چینی کی عدم سپلائی کا آج چھٹا روز ہے۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہےکہ بازار میں چینی گوداموں سے لائی جارہی ہے کیونکہ شوگر ملرز نے پیشگی خریدی گئی چینی کی سپلائی بھی روک دی ہے۔

ہول سیلرز کا کہنا ہےکہ مارکیٹوں میں چینی کی ہول سیل قیمت 55 روپے فی کلو ہے، جمعہ کو چینی 54، ہفتے کو 55 روپے فی کلو تھی اور اگر عدم سپلائی برقرار رہی تو قلت کے ساتھ قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ شوگر مرچنٹ حاجی اکرام کا کہنا ہےکہ سپلائی بحال نہ ہوئی تو ہول سیلز ریٹ اور بڑھے گا۔

ریٹیل ایسوسی ایشن کے مطابق ریٹیل میں چینی 58 سے 60 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے۔

دوسری جانب شوگرملرز کا کہنا ہےکہ وہ چینی نقصان میں نہیں بیچ سکتے۔

انڈسٹری ذرائع کے مطابق شوگر ملز مالکان آئندہ اجلاس میں اپنا لائحہ عمل طے کریں گے۔

شوگرملز مالکان کا کہنا ہےکہ ایکسپورٹ کی اجازت دے کر نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا، شوگر ملو ں نے سپلائی روک دی کیونکہ حکومت کی توجہ نہیں۔

مزید خبریں :