پاکستان
08 اگست ، 2017

چور پکڑا گیا اب قاتل کی باری ہے، شہباز شریف نہیں بچیں گے، طاہرالقادری

چور پکڑا گیا اب قاتل کی باری ہے، شہباز شریف نہیں بچیں گے، طاہرالقادری

سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ چور پکڑا گیا اب قاتل کی باری ہے، شہباز شریف اب نہیں بچیں گے۔

لاہور کے ناصر باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کمزور کو انصاف نہیں ملتا لیکن سپریم کورٹ کے فیصلے سے امید کی کرن روشن ہوئی ہے، پاناما کیس کے فیصلے سے چور پکڑا گیا اور اب سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل کی باری ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کیس میں سمن جاری ہوئے لیکن ایک کو بھی جیل نہیں بھیجا، سپریم کورٹ پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کو ماڈل ٹاؤن کا کیس دے دے تو اصل قاتل کا پتا چل جائے گا۔

سربراہ عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ میں ہماری اپیل کی سماعت نہیں ہورہی، معصوم لوگوں کو قتل کرانے والوں کو طلب ہی نہیں کیا گیا، چور چلا گیا لیکن قاتل اب بھی باہر بیٹھا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نواز شریف وہ شخص ہیں جن کے خلاف 90 کی دہائی میں فیصلہ آنے والا تھا تو انہوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کروایا لیکن اب سپریم کورٹ کے فیصلے میں واضح لکھا کہ یہ جھوٹا اور بددیانت شخص ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ جس آزاد عدلیہ کے لیے آپ نے مہم چلائی اسی نے آپ کی نااہلی کا فیصلہ دیا،  شکر کریں سپریم کورٹ نے آپ سے نرمی برتی اور جیل نہیں بھیجا۔

سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ جے آئی ٹی میں جا کر جھوٹ بولتے رہے، سپریم کورٹ میں جھوٹ بولا جعلی کاغذات جمع کرائے، آج آپ قوم سے کہتے ہیں آپ سے زیادتی ہوئی، آپ شرم سے گھر بیٹھنے کے بجائے جی ٹی روڈ پر آنے کی بات کرتے ہیں، اگر میری بات سن لی ہے تو جی ٹی روڈ کی ریلی منسوخ کردیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ایک شخص اقتدار سے برطرف ہوا اور پوچھتا ہے قصور کیا ہے ، تمہارا قصور تمہیں معلوم ہے، میری دانست میں انصاف کا وقت آگیا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے مطالبہ کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق جسٹس نجفی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے، ماڈل ٹاؤن میں جولوگ شہید اور زخمی کیے گئے ان کاقصور کیا تھا, ہمارے کیس میں 126 ملزمان کو سمن جاری ہوئے لیکن ایک بھی جیل نہیں گیا۔

مزید خبریں :