پاکستان
09 اگست ، 2017

ریلی کیلئے حکومتی مشینری استعمال نہیں کی:امیر مقام

ریلی کیلئے حکومتی مشینری استعمال نہیں کی:امیر مقام

پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام کہتے ہیں کہ ریلی کے لیے حکومتی مشینری اور وسائل استعمال نہیں کیے جارہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے کارکن اپنے قائد نواز شریف سے یک جہتی کے لیے قافلوں کی صورت میں اسلام آباد جا رہے ہیں،قافلے میں شامل لوگ اپنے جذبے اور محبت سے جارہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد روانگی سے قبل پشاور ٹول پلازہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام بھی نواز شریف کے ساتھ لاہور جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کتنا دہرا معیار اپنایا ہے، وزیراعلیٰ اور وزراءحکومتی وسائل استعمال کرکے اسلام آباد پر یلغار کریں تو جائز ہے، نواز شریف اگر اپنے گھر لاہور جا رہے ہیں، تو یہ جائز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی نے سیاست کرنی ہے تو انہیں عوام میں ہی آنا چاہیے ہم عوام میں آئے ہیں، میں نیازی سے کہتا ہوں کہ آکر آج عوام کا یہ سمندر دیکھیں، نوازشریف کل بھی لیڈر تھا، آج بھی ہے اور آئندہ بھی لیڈر رہے گا۔

مزید خبریں :