دلچسپ و عجیب
10 اگست ، 2017

بھارت کا ایسا دفتر جہاں ملازمین ہیلمٹ پہن کر کام کرتے ہیں

بھارت کا ایسا دفتر جہاں ملازمین ہیلمٹ پہن کر کام کرتے ہیں

بھارتی ریاست بہار میں ایک سرکاری دفتر ایسا بھی ہے جہاں ملازمین ہیلمٹ پہن کر کام کرتے ہیں۔

سرکاری ملازمین کی ہیلمٹ پہن کر کام کرنے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر اتنی وائرل ہوئی کہ وہ بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی اور ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔

ملازمین کے ہیلمٹ پہننے کی وجہ سرکاری عمارت کی خستہ حالی بتائی جاتی ہے۔ بارش کے وقت اکثر چھت سے پانی ٹپکنا شروع ہوجاتا ہے اور ٹوٹ پھوٹ کی شکار چھت کے ذرات بھی ملازمین پر گرتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے ملازمین ہیلمٹ پہننے پر مجبور ہیں۔

بلڈنگ کنسٹرکشن ڈیپارٹمنٹ 2 سال قبل عمارت کو خستہ حال قرار دیتے ہوئے ناقابل استعمال قرار دے چکا ہے لیکن حکام کی جانب سے اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پرانی اور بوسیدہ سی عمارت کے ایک کمرے میں سرکاری ملازم ہیلمٹ پہن کر کام کر رہے ہیں تاہم ویڈیو وائرل ہونے کے بعد محکمے نے سرکاری معاملہ میڈیا پر لانے پر ملازمین کو شو کاز نوٹس بھی جاری کردیا۔

 

ملازمین کا موقف ہے کہ سرکاری عمارت کی خستہ حالی سے متعلق کئی بار حکام کو آگاہ کیا ہے لیکن اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اور خدشہ ہے کہ کہیں چھت ان کے سر پر نہ گر جائے۔

آفس میں کام کرنے والے امیت کمار کے مطابق دفتر کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی ہدایت موصول ہوئیں لیکن اس پر اب تک کان نہیں دھرے گئے، اس وجہ سے یہاں کام کرنے والے ملازمین اپنی حفاظت کے لئے ہیلمٹ پہن کر کام کرتے ہیں۔

مزید خبریں :