Can't connect right now! retry
Advertisement

انٹرٹینمنٹ
11 اگست ، 2017

پاکستانی اداکار فلم 'جب ہیری میٹ سیجل' کی تعریفوں کے پل باندھنے لگے

حال ہی میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم 'جب ہیری میٹ سیجل کو بھارتی شائقین کی جانب سے تو کچھ زیادہ پسند نہیں کیا گیا البتہ پاکستانی ستاروں نے فلم کی تعریفوں کے پل باندھنا شروع کردیے۔

ہدایت کار امتیاز علی کی فلم 'جب ہیری میٹ سیجل' میں بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیا لیکن بیشتر بھارتی فلم بین فلم کی کہانی سے مطمئن نہیں۔

کہا جارہا ہے کہ فلم مداحوں کی توقعات پر پوری نہ اتر سکی تاہم پاکستانی ستارے عمران عباس اور صباء قمر نے سوشل میڈیا پر فلم کی خوب تعریف کی اور اپنی پوسٹ میں اسے جذبات کی عکاسی کرنے والی فلم بھی قرار دیا۔

اداکارہ صباء قمر نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں فلم کی ایک تصویر شیئر کی جس پر لکھا کہ "فلم بہت پسند آئی، فلم نے حقیقی زندگی کے جذبات کی عکاسی کی ہے لوگ اس فلم کے بارے میں جو کہیں لیکن یہ ایک بہترین اور دل کو پگھلا دینے والی فلم ہے۔

صبا قمر نے لکھا کہ شاہ رخ اور انوشکا کی کیمسٹری شاندار ہے، میں نے یہ فلم دیکھی ہی نہیں بلکہ اس فلم کو جیا ہے اور یہ فلم ایک بار نہیں بلکہ بار بار دیکھی جانے والی فلم ہے۔

صباء قمر انسٹاگرام پوسٹ۔

دوسری جانب عمران عباس نے بھی فلم کی خوب تعریف کی اور کہا کہ انہیں فلم بہت پسند آئی، ہدایت کار امتیاز علی کی فلم ایسی ہے جیسے کسی فنکار کی پینٹنگ میں جذبات ہوں۔ اور فن کو سمجھنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں ہوتی اس فلم کو بس کوئی فنکار ہی سمجھ سکتا ہے۔

عمران عباس پوسٹ۔

واضح رہے کہ دونوں پاکستانی ستارے بالی وڈ میں ڈیبیو کر چکے ہیں ۔صباء قمر نے فلم 'ہندی میڈیم' میں عرفان خان کے ہمراہ مرکزی کردار نبھایا تھا اور اداکار عمران عباس نے 'کریئچر تھری ڈی' اور 'اے دل ہے مشکل' میں کام کیا تھا۔

Advertisement