کراچی آپریشن: چار سال کی محنت کو ضائع نہیں ہونے دیا جائیگا، وزیراعظم


کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کراچی میں چار سال کی محنت کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد شاہد خاقان عباسی آج پہلے سرکاری دورے پر کراچی آئے۔

کراچی پہنچنے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر محمد زبیر اور آئی جی سندھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اور مصدق ملک بھی کراچی پہنچے ۔

وزیراعظم نے مزار قائد پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جب کہ اس موقع پر احسن اقبال،گورنرسندھ محمدزیبر، اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔


وفاقی حکومت سندھ کی ترقی کے لیے مزید تعاون بڑھائےگی۔

ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور گورنر سندھ محمد زبیر کی ملاقات ہوئی جس میں گورنر نے وزیراعظم کوسندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں سےمتعلق آگاہ کیا۔

گورنرسندھ نے انفرا اسٹرکچر کی بہتری سے متعلق  اور صوبے بھر میں وفاقی حکومت کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ 

اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سندھ کی ترقی کے لیے مزید تعاون بڑھائےگی۔

وزیراعظم سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی جس میں امن وامان اور کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم سے ایم کیوایم پاکستان کے وفد اور تاجر رہنماؤں کی بھی ملاقات

دوسری جانب وزیراعظم سے ایم کیوایم پاکستان کے وفد نے بھی ملاقات کی جس میں متحدہ نے کراچی آپریشنز سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے پیکج کا مطالبہ کیا۔

وفد کا کہنا تھا کہ تجارتی سرگرمیوں، شہر کی تعمیرنو سے متعلق اقدامات کیےجائیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے وزیرداخلہ اور دیگر حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کی روشنیاں بحال کی ہیں، شہر میں امن کے استحکام کے لیے تمام وسائل استعمال کریں گے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے تاجر رہنماؤں نے بھی ملاقات کی جس میں بزنس کمیونٹی کو درپیش مشکلات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے مسائل کے حل کے لیے تاجروں سے تجاویز طلب کیں جس پر تاجر برادری نے گلہ کیا کہ تجاویز دی ہیں لیکن ان پر عمل نہیں ہوتا۔

وزیراعظم نے تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ بزنس کمیونٹی کاملک اورمعاشی ترقی میں اہم کردارہے، ان کو درپیش تمام مشکلات دور کریں گے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس

علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں امن وامان سےمتعلق اجلاس گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں کورکمانڈر کراچی، گورنر و وزیراعلیٰ، وفاقی وزیر داخلہ،  آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی میں 4 سال کی محنت کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا، ہر قیمت پر صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان کی گرفتاری میں تمام وسائل بروئے کار لائیں۔

مزید خبریں :