Can't connect right now! retry
Advertisement

انٹرٹینمنٹ
12 اگست ، 2017

ودیا بالن بھارتی سنسر بورڈ میں شامل

بالی وڈ کی ڈرٹی گرل ودیا بالن اداکاری کے بعد اب فلموں کو نمائش کے لیے سرٹیفیکیٹ دینے کا کام کریں گی۔

ودیا بالن نے فلمی کیرئیر کا آغاز 2005 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’پری نیتا‘‘ سے کیا اور خوب شہرت حاصل کی، انہوں نے کئی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جس میں ’’لگے رہو منا بھائی‘‘، ’’سلام عشق‘‘، ’’پا‘‘، اور ’’عشقیا‘‘ سمیت کئی شامل ہیں۔

اداکارہ کو ’’ دی ڈرٹی پکچر‘‘ نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا اور انہیں فلم میں بہترین اداکاری پر نیشنل ایوارڈ بھی دیا گیا۔

ودیا بالن کوان کی جاندار اداکاری کے باعث بھارتی فلم سنسر بورڈ میں شامل کرلیا گیا ہے جہاں وہ فلموں کو نمائش کے لیے سرٹیفکیٹ دیں گے۔

فلمساز و سابق چیرمین سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن نہلاج پہلانی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ پروڈیوسر پراسون جوشی کو نیا چیرمین مقرر کیا گیا ہے جنہوں نے اداکارہ کو بھی بورڈ میں شامل کرلیا ہے۔

اداکارہ ودیا بالن اپنی نئی ذمہ داریوں پر بے حد خوش ہیں اور انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے ایک نیا دور ہے اور کوشش ہے کہ سنیما کی بہتری کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاؤں۔


Advertisement