رگبی کھیلنے والے 7 سالہ بچے کا وزن 100 کلو

7 سال کا بچہ رگبی کھیلنے میں تو ماہر ہے لیکن حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کا وزن 100 کلو ہے ۔

بچوں کے عالمی کھیل کے دوران 7 سال کے ننھے واکا توئیتوپو نے سب کو حیران کر ڈالا ہے۔ واکا ایک بہترین رگبی کھیلنے والا بچہ ہے لیکن یہ اپنی پوری ٹیم میں 100 کلو وزن ہونے کے باعث تمام بچوں میں سب سے منفرد دکھائی دیتا ہے۔

سات سالہ واکا سڈنی سینٹ جونز ایگلز ٹیم  کی نمائندگی کرتے ہیں جو دراز قد اور بھاری جسامت کی وجہ سے مخالف ٹیم کو دباؤ میں رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کی ٹیم کئی مقابلوں میں ان کی وجہ سے کامیاب بھی ہوئی۔

حال ہی میں واکا کے والد نے ان کی ایک ویڈیو آن لائن شیئر کی تاکہ ان کے بیٹے کی رگبی کھیلنے کی صلاحیتیں سب کو پتہ چل سکیں تاہم اس ویڈیو نے جلد ہی نہ صرف مقبولیت حاصل کی بلکہ اس پر تنقید بھی کی جانے لگی۔

لوگوں نے 7 سالہ واکا پر خوب تنقید کی اور کہا کہ واکا کی ٹیم ان کے زیادہ وزن کی بناء پر ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہے، واکا کی وجہ سے کافی بچے کھیل کے دوران زخمی ہوجاتے ہیں۔ 

کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں بڑے بچوں کی ٹیم میں شامل کیا جائے جن کی عمر کے یہ لگتے ہیں تاہم انہیں جونیئر رگبی ٹیم سے نکال دیا جائے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلنے والی واکا کی ویڈیو کی تنقید پر ان کے والد نے کہا کہ اس میں واکا کا کوئی قصور نہیں، یہ قدرتی عمل ہے کہ ان کا وزن عام بچوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

واکا کے والد کے مطابق ان کے بیٹے کھیل کے دوران کسی بچے کو نقصان نہیں پہنچاتے بلکہ وہ تو انتہائی شرمیلے ہیں جب کہ واکا کے ٹیم میمبرز اور کوچ ان سے بے حد خوش ہیں ۔

رگبی لیگ کے جنرل مینیجر نے ڈیلی میل آسٹریلیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ واکا کو رگبی لیگ کے پورے سیزن میں بہت کم کھیلنے کا موقع دیا گیا اور انہوں نے صرف 5 میچ کھیلے اور دو کوارٹرز میں شرکت کی۔


مزید خبریں :