دنیا
Time 15 اگست ، 2017

کشمیری عوام آج بھارتی جشن آزادی پر یوم سیاہ منا رہے ہیں

سری نگر: بھارت کے جشن آزادی کے موقع پر کشمیری عوام آج یوم سیاہ منا رہے ہیں جب کہ وادی بھر میں کرفیو کا سماں ہے۔

کٹھ پتلی حکومت کی جانب سے بھارت کے جشن آزادی کے سلسلے میں سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے جب کہ بخشی اسٹیڈیم جانے والے تمام راستوں کو سیل کردیا گیا ہے اور نگرانی کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔

حریت قیادت کی کال پر وادی بھر میں بھارتی جشن آزادی کے موقع پر یوم سیاہ منایا جارہا ہے اور اس موقع پر شہریوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں احتجاجی ریلیاں بھی نکالی جارہی ہے جب کہ قابض فورسز نے وادی میں انٹرنیٹ سروس پھر معطل کردی۔

حریت رہنما سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے اپنے بیان میں سری نگر اور دیگر علاقوں میں بھارتی فورسز کی جانب سے کرفیو لگانے کی شدید مذمت کی ہے۔ 

جب کہ گزشتہ روز ہی حریت رہنما یاسین ملک کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

حریت قیادت کا کہنا ہے کہ وادی میں کرفیو، بلاجواز پابندیاں اور رکاوٹیں کھڑی کرنے سے کشمیری عوام کے پرامن احتجاج کو روکا نہیں جاسکتا۔

مزید خبریں :