کرن اور کاجول کے تعلقات پر جمی برف پگھلنے لگی

معروف فلمساز کرن جوہر اور اداکارہ کاجول کی 25 سالہ دوستی میں دراڑ کے بعد ایک بار پھر دونوں قریب آنے لگے۔

ہدایت کار کرن جوہر اور اداکارہ کاجول کی آپس میں گہری دوستی تھی اور دونوں کی دوستی کے فلم نگری میں بھی کافی چرچے تھے جب کہ دونوں کے درمیان 25 سال تک دوستی کا رشتہ قائم رہا ہے۔

گزشتہ سال فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ کی ریلیز کے موقع پر کاجول کے شوہر اجے دیوگن نے کرن پر ان کی فلم ’’شیوے‘‘ کو باکس آفس پر ناکام بنانے کے لیے پیسے دینے کے الزامات عائد کیے گئے تھے جس پر اداکارہ نے بھی شوہر کا ساتھ دیتے ہوئے کرن سے دوستی ختم کردی تھی۔

کاجول کی جانب سے شوہر کا ساتھ دینے اور اجے سے غلط فہمیاں ختم نہ کرانے پر کرن جوہر کافی دلبرداشتہ تھے اور مختلف تقریبات میں کاجول کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔

کاجول بھی کرن کا نام لیے بغیر تنقید کرتی رہی ہیں اور دونوں 25 سالہ دوستی میں دراڑ آنے کے بعد مختلف تقریبات میں ایک دوسرے کو نہ صرف نظر انداز کرتے رہے ہیں بلکہ دونوں نے سوشل میڈیا پر بھی ایک دوسرے کو فالو کرنا چھوڑ دیا تھا۔

لیکن اب کرن جوہر نے کاجول سے تعلقات استوار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور انہوں نے انسٹاگرام پر انہیں فالو کرنا شروع کردیا ہے۔

یہی نہیں اداکارہ نے بھی جواب میں کرن کو فالو کرلیا ہے جس کے بعد دونوں کے تعلقات پر جمی برف پگھلنے لگی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ جلد ہی دونوں ایک بار پھر دوستی کے بندھن میں نظر آئیں گے۔

مزید خبریں :