دنیا
Time 15 اگست ، 2017

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم جعلسازوں کے ہاتھ لگنے کا انکشاف

برطانوی ادارے کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم کا بھاری حصہ جعلسازوں کے ہاتھ لگ رہا ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے پاکستان میں غریبوں کی امداد کے لئے شروع کئے گئے پروگرام بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم کا ایک بھاری حصہ اصل لوگوں کے بجائے جعلسازوں کے ہاتھ لگ رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ اس پروگرام کے لئے پاکستان کو سالانہ 420 ملین پاؤنڈ فراہم کرتا ہے لیکن برطانوی عوام کے ٹیکس کا پیسہ جعلسازوں کے ہاتھ لگ رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت غریبوں کو اے ٹی ایم کارڈ کی مدد سے رقم فراہم کی جاتی ہے لیکن کارڈ رکھنے والے بیشتر افراد کارڈ کا درست استعمال کرنا نہیں جانتے۔

رپورٹ کے مطابق جعلساز کارڈ رکھنے والے افراد سے اے ٹی ایم مشین سے پیسے نکال کر دینے کا معاوضہ لیتے ہیں اور اس طرح رقم کا ایک بڑا حصہ غیر متعلقہ افراد حاصل کرلیتے ہیں۔

ڈیپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ نے کہا ہے کہ پروگرام کے تحت ملنے والی رقم جعلی لوگوں کے ہاتھ لگنے سے بچنے کے لئے موثر حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیشتر کارڈ ہولڈر خواتین کارڈ کا خفیہ نمبر بھول گئی ہیں جس کی وجہ سے انہیں دھکے کھانا پڑتے ہیں۔ 

مزید خبریں :