دنیا
Time 16 اگست ، 2017

چین اور بھارت کے درمیان سرحدی علاقے میں جھڑپ

چین اور بھارت کے درمیان ہمالیہ کے علاقے میں چینی فوجیوں کی جانب سے پینگوگ جھیل کے نزدیک بھارتی اہکاروں پر 15 اگست کو حملہ کیا گیا۔ 

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق یہ جھیل لداخ کے پہاڑی خطے میں واقع ایک مشہور سیاحتی مقام ہے جہاں لوگوں بڑی تعداد آتی ہے۔

بھارتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ چینی فوجیوں نے دو مرتبہ پتھراؤ کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ایک چھوٹی نوعیت کا واقعہ تھا اور جلد ہی صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔

لداخ پولیس کے مطابق لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر جھڑپیں جاری رہتی ہیں۔ تاہم اس بار جھڑپوں کا دورانیہ زیادہ ہوگیا ہے لیکن ان جھڑپوں میں اسلحہ استعمال اب تک نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ پینگونگ جھیل کا علاقہ تقریباً 4 ہزار میٹر کی اونچائی پر واقع ہے۔جھڑپ کا یہ واقعہ ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب گزشتہ دو ماہ سے ڈوکلام میں دونوں ممالک کی فوجیں آمنے سامنے موجود ہیں۔

اس کشیدگی کا آغاز رواں سال جون میں ہوا تھا جب بھارتی فوج کی جانب سے ڈوکلام میں چینی علاقے کی سڑکوں پر جاری کام کو روک دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کی فوج آمنے سامنے آگئیں۔

چین، بھارت اور بھوٹان کی سرحدوں کو آپس میں ملانے والے اس علاقے میں ایک سڑک تعمیر کر رہا ہے اور یہ علاقہ بھارتی ریاست سکم سے ملتا ہے۔

بیجنگ کی جانب سے مسلسل یہ مطالبہ سامنے آرہا ہے کہ نئی دہلی اس معاملے پر پیچھے ہٹ جائے۔

ڈوکلام کا یہ مقام چین کے لیے خصوصی اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل ہے جبکہ جوہری توانائی کے حامل یہ دونوں ملک، 1962 میں بھارتی ریاست اروناچل پردیش میں مختصر جنگ لڑ چکے ہیں۔

مزید خبریں :