بابائے اردو مولوی عبدالحق کو بچھڑے 56 برس بیت گئے

اردو کی ترقی کے لئے گراں قدر خدمات انجام دینے والے بابائے اردو مولوی عبدالحق کی آج 56ویں برسی منائی جارہی ہے۔

برصغیر پاک و ہند کے عظیم اردو مفکر، محقق، ماہر لسانیات، معلم اور انجمن ترقی اردو اور اردو کالج کراچی کے بانی مولوی عبدالحق نے اپنی تمام زندگی اردو زبان کے فروغ، ترویج اور اشاعت کے لیے وقف کردی۔

مولوی عبدالحق کا اردو زبان پر جس قدر احسان ہے شاید ہی کسی اور کا ہو، اردو زبان کو آج جو ایک عالمگیر حیثیت حاصل ہے یہ مولوی عبدالحق کی پوری زندگی کی ریاضت اور محنت کا ثمر ہے۔

ان کی محنت کا پھل قدرت نے انہیں اس طرح دیا کہ وہ اردو زبان کے بابا کہلائے۔1935ء میں جامعہ عثمانیہ کے ایک طالب علم محمد یوسف نے انہیں بابائے اردو کا خطاب دیا جس کے بعد یہ خطاب اتنا مقبول ہوا کہ ان کے نام کا جزو بن گیا۔

ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے 23 مارچ 1959ء کو انہیں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا ۔

اردو زبان کا یہ آفتاب 16 اگست 1961 کو کراچی میں غروب ہوا۔

مزید خبریں :