عوام کے فیصلے کےعلاوہ کوئی بھی فیصلہ کرے قبول نہیں، سعد رفیق

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم نہیں چاہتے کھلاڑی عدالت سے نااہل ہو، عدالتی نااہلی اور مارشل لاء سیاست دان کو عوام سے دور نہیں کرتے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کی کوئی گنجائش نہیں، عوام کے فیصلے کے علاوہ کوئی بھی فیصلہ کرے قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان، یمن، مصر اور شام نہیں بننے دیں گے، عالمی طاقتوں کا کھیل پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے، ملک ووٹ کے ذریعے بنا ہے، سیاست میں جب ایک دوسرے کےچہروں کو کالا کریں گے تو بات دور تک جائے گی، یہی لوگ کل روئیں گے کہ ہم نے کیا کیا۔

سعد رفیق نے کہا کہ سی پیک کراچی اور پشاور جوڑے گا اور فاصلے کم ہوں گے، ملک صحیح سمت میں جارہا تھا اور سرمایہ آرہا تھا، پاکستان افراتفری اور انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ٹرینوں کی بڑی تعداد اپ گریڈ ہوچکی ہیں جبکہ آمدو رفت بھی بروقت ہے، آیندہ سال ریلوے کا منافع 50 اور 53 ارب روپے کے درمیان ہوگا، پاکستان ریلوے کے ورکرز نے محنت کرکے ادارے کو بہتر کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آزادی ٹرین پورے ملک میں جائے گی، تمام صوبوں کاکلچر ٹرین کاحصہ ہے۔

مزید خبریں :