چوہدری شجاعت لیگی دھڑوں کو جوڑنے کیلئے کراچی میں

کراچی: مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ملک کو مشکل میں ڈال دیا ہے اس لیے مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو متحد ہونا پڑے گا۔

کراچی ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے کہا کہ قدرت نواز شریف کو سانحہ ماڈل ٹاون کی سزا دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ سازشوں کی باتیں کرنے والے یہ بتائیں کہ ان کے خلاف کونسی قوتیں سازشیں کر رہی ہیں۔

چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ مسلم لیگی دھڑے متحد نہیں ہوئے تو بہت نقصان ہوگا، اس لئے وہ ملک کے مفاد کے لئے مسلم لیگی دھڑوں کو ایک کرنے نکلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لیگی کارکن پیپلز پارٹی میں بیٹھے ہیں جنہیں واپس لانا ہے جب کہ  کچھ لیگی ہمیشہ اس اتحاد میں رکاوٹ بنتے ہیں۔

چوہدری شجاعت کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ہمیں آگے آنا ہوگا، اب کوئی گروپ یا الائنس نہیں بلکہ صرف پاکستان مسلم لیگ ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فی الحال ان کا متحدہ قومی مومنٹ سے ملاقات کا کوئی ارادہ نہیں۔

پیپلز پارٹی سے انتخابی اتحاد کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں ان کا  کہنا تھا کہ اتحاد بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں، تاہم انتخاب میں اتحاد کا فیصلہ وقت آنے پر کیا جائے گا۔

مزید خبریں :