تنازعات اور عمر اکمل ۔۔۔ بہت پرانا ساتھ ہے

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عمر اکمل کسی تنازع میں گھرے ہوں وہ ٹریفک وارڈنز سے بدتمیزی اور ٹیم ڈسپلن کی خلاف ورزیوں میں کئی مرتبہ ملوث پائے گئے ہیں۔— فائل فوٹو

مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کے بارے میں کہا تو یہی جاتا ہے کہ اس میں ٹیلنٹ بہت ہے یعنی ’ینگ اینڈ ٹیلنٹڈ‘  لیکن یہ نوجوانی اور ٹیلنٹ کرکٹ کے میدان میں کم نظر آتا ہے۔

ہاں ،میدان سے باہر عمر اکمل کے ’ٹیلنٹ‘کے بہت چرچے رہے ہیں، کبھی سیزن کے دوران ڈانس دیکھنے چلے گئے تو کبھی خود ڈانس کرنے لگ گئے، کبھی گاڑی پر غیر قانونی نمبر پلیٹ لگانے کی سزا پائی تو کبھی اوور اسپیڈ کرنے پر جرمانہ ادا کرنا پڑ گیا ۔

ساتھی کرکٹرز پر بھی الزامات لگانے میں عمر اکمل پیچھے نہ رہے اور قومی ٹورنامنٹ میں جنید خان پر الزامات کی برسات کردی۔ فٹنس پر تو خاص توجہ ان کی رہی نہیں لیکن سوشل میڈیا پر مختلف پوز میں تصویر پوسٹ کرنا ان کا خاصہ رہا ہے۔

عمر اکمل جب سے پاکستان ٹیم میں آئے ہیں کبھی فٹنس اور کبھی ڈسپلن کے معاملہ پر متنازع ہی رہے ہیں اور اب انہوں نے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی تمام حدیں عبور کرکے کوچ مکی آرتھر پر الزامات عائد کردیئےکہ وہ انہیں گالیاں دیتے ہیں اور کوچنگ اسٹاف کا رویہ بھی ٹھیک نہیں۔

2016 کے ٹی 20 ورلڈکپ کے بعد وقار یونس نے اپنی رپورٹ میں عمر اکمل کو ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا۔— فائل فوٹو

یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی کوچ نے عمر اکمل کو سدھارنے کی کوشش کی ہو ۔۔۔ دو ہزار سولہ ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے دوران عمر اکمل نے کپتان کی موجودگی میں سابق کپتان عمرا ن خان سے شکایت کی کہ ٹیم میں انہیں تیسرے نمبر نہیں کھیلایا جاتا۔ اسی ٹورنامنٹ کے بعد کوچ وقار یونس نے اپنی رپورٹ میں عمر اکمل کے رویے کو منفی قرار دے کر پی سی بی کو کہا تھا کہ اسے ٹیم میں ڈسپلن کا پابند بنایا جائے۔

اس پر عمر اکمل کو ٹیم سے ڈراپ بھی کردیا گیا تھا جس کے بعد وہ شہریار خان سے معافی مانگ کر دوبارہ ٹیم میں آئے اور اچھا بچہ بن کر رہنے کا وعدہ کیا۔۔۔لیکن وہ اپنے وعدے پر زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکے اور پھر سے تنازعات میں کود پڑے۔

اب عمر اکمل ہی بہتر جانیں کہ ان کے ساتھ کیسا رویہ اپنایا جائے کہ وہ ڈسپلن کی پابندی بھی کریں اور فٹنس کا خیال بھی کیوں کہ بورڈ کی تو اب تک کی تمام کوشش ہی رائیگاں رہی ہیں ۔

کوچ مکی آرتھر نے عمر اکمل پر واضح کیا کہ وہ پہلے یہ حق حاصل کریں کہ انہیں دیگر کرکٹرز جیسی سہولیات دی جائیں ۔۔۔ شاید عمر اکمل کو ڈانٹنا برا لگ گیا؟ عمر اکمل کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ کوچ گود میں بٹھاکرلوریاں نہیں سنائے گا۔۔۔اگر وہ ڈانٹ ڈپٹ نہیں کرے گا تو ٹیم میں ڈسپلن کیسے برقرار رہے گا؟

عمر اکمل مکی آرتھر کیخلاف خودکش پریس کانفرنس کے بعد اپنے کیرئیر پر واپسی کے دروازے تو تقریبا ًبند کرچکے ہیں اب ان کے لیے بہتر ہے کہ وہ خاموشی سے اپنی فٹنس اور کھیل پر توجہ دے اور بھرپورمحنت کرکے بچی کچی ساکھ بچائیں۔


جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔