پاکستان کی 5 کمپنیاں فوربز کی ’’انڈرا ے بلین لسٹ 2017ء‘‘ میں شامل

پاکستان کی 5 کمپنیاں عالمی شہرت یافتہ میگزین فوربز کی ایک ارب ڈالر سے کم اثاثے رکھنے والی کمپنیوں کی فہرست (انڈراے بلین لسٹ 2017) میں شامل ہوگئیں۔

پاکستانی کمپنیوں نے دنیا بھر کی 200 ایسی کمپنیوں میں اپنی جگہ بنالی ہے جو تیزی سے ترقی کررہی ہیں اور جن کی وجہ سے مجموعی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

فوربز میگزین ہر سال گروتھ انجن کی حامل کمپنیوں کی فہرست شائع کرتی ہے۔رواں سال اس فہرست میں 13ممالک کی کمپنیوں نے اپنی جگہ بنالی ہے۔

ایشیاء اور بحرالکاہل کے خطے سے سب سے زیادہ چین اور ہانگ کانگ کی کمپنیوں نے اس فہرست میں جگہ حاصل کی ہے۔

فوربز کے مطابق فہرست میں شامل کمپنیاں سیلز میں 55 فیصد، نفع کے مارجن میں 24 فیصد اور فی حصص آمدنی کے لحاظ سے 113 فیصد ترقی کی حامل ہیں اور ان کمپنیوں کا انتخاب تین سالہ اوسط کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

پاکستان سے جو کمپنیاں اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں ان میں ایگری آٹوانڈسٹریز، چراٹ پیکجنگ، فیروزسنز لیبارٹریز،گندھار انڈسٹریز اور سرل (searle) کمپنی شامل ہیں۔گزشتہ سال اس فہرست میں 7پاکستانی کمپنیاں شامل تھیں۔