الزامات در الزامات: حمیرا ارشد اور احمد بٹ میں پھر صلح

لاہور: حمیرا ارشد اور احمد بٹ نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنے کے بعد ایک  بار پھر صلح کرلی۔

حمیرا ارشد اور احمد بٹ کا معاملہ ایک بار پھر عدالت تک گیا جہاں کہانی میں بدلاؤ آیا اور ایک دوسرے پر الزامات کرنے والوں نے صلح کرلی جس کےبعد عدالت نے بھی ضمانتیں منظور کرلیں۔

اس سے قبل حمیرا نے اپنے شوہد احمد بٹ پر الزام لگایا تھا کہ احمد نے ساتھیوں سے مل کر گھر پر حملہ کیا اور ان کے دو بھتیجوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ ساتھ ہی دھمکی دی کہ وہ ان پر توہین رسالت کا الزام لگادیں گے۔

حمیرا ارشد کا کہنا تھا کہ احمد گھر کو اپنے نام کروانا چاہتے ہیں اسی لیے وہ ان پر تشدد کر رہے ہیں ۔ 

گلوکارہ کے مطابق ان کے شوہر کے حملے کے بعد انہوں نے پولیس کو شکایت کی جس پر پولیس نے احمد بٹ اور ان کے ساتھیوں کو حراست میں لیا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حمیرا ارشد نے بتایا کہ احمد نے ان کو اپنے چار سالہ بچے سے دور کرنے کی بھی کوشش کی ہے،احمد مکان کے بدلے بچے کو سپرد کرنے سے مکر گئے ہیں۔

دوسری جانب احمد بٹ کا کہنا ہے کہ گھر کا کوئی مسئلہ نہیں وہ اس بارے میں باہر آکر بتائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حمیرا بیٹے کو شوبز میں لانا چاہتی ہیں لیکن وہ اسے ڈاکٹر بنانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی حمیرا ارشد اور ان کے شوہر احمد بٹ کے درمیان کافی جھگڑے ہوئے ہیں جس پر حمیرا نے خلع کا دعوی کیا تھا تاہم صلح کے  بعد حمیرا نے خلع کا فیصلہ ترک کردیا تھا۔

مزید خبریں :