کھیل
Time 17 اگست ، 2017

مکی آرتھر پر الزامات: پی سی بی نے عمر اکمل کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ روز ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے خلاف الزامات عائد کرنے پر مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق عمر اکمل کو شوکاز نوٹس کا جواب سات روز میں دینا ہوگا۔

گزشتہ روز عمر اکمل نے دعویٰ کیا تھا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انہیں گالیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر نے ان سے کہا کہ کرکٹ اکیڈمی میں کھیلنے کے بجائے کلب کرکٹ کھیلو۔

عمر اکمل کا کہنا تھا کہ غیر ضروری وارننگز دے کر انہیں کرکٹ اکیڈمی سے ڈراپ کیا گیا۔

دوسری جانب کوچ مکی آرتھر نے عمر اکمل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے کرکٹر کو کوئی گالی نہیں دی۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ عمر اکمل غلط بیانی کررہے ہیں، انہوں صرف عمر کو کارکردگی بہتر بنانے کی تلقین کی تھی۔

یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے جب عمر کسی تنازع کی زد میں آئے ہیں۔

2014 میں عمر اکمل کا ایک ٹریفک وارڈن سے جھگڑا ہوگیا تھا جس کے بعد وہ ایک دن تک تھانے میں بند رہے تھے۔

ٹریفک وارڈن نے انہیں سگنل توڑنے پر روکا تھا جس کے بعد دونوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا۔

اس کے علاوہ فیصل آباد میں ایک تھیٹر کے دوران ان کا وہاں کے اہلکاروں سے بھی جھگڑا ہوگیا جبکہ حیدرآباد میں مبینہ طور پر ایک ڈانس پارٹی میں بھی پکڑے گئے۔

مڈل آرڈر بلے باز کو اس وقت کے ہیڈ کوچ وقار یونس کی ہدایات پر عالمی کپ 2015 کے بعد ڈراپ کردیا گیا تھا۔


مزید خبریں :