کھیل
Time 17 اگست ، 2017

پی سی بی جو بھی فیصلہ کرےگا، قبول کروں گا: عمر اکمل

پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ جو بھی فیصلہ کرے گا وہ اسے قبول کریں گے۔

عمر اکمل نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرکے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر انہیں گالیاں دینے کا الزام عائد کیا تھا۔

کوچ مکی آرتھر نے عمر اکمل کے بیان کو جھوٹ قرار دیا جب کہ کرکٹ بورڈ نے بھی مڈل آرڈر بیٹسمین کو شوکاز نوٹس جاری کیا۔

عمر اکمل نے جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تمام تر توجہ کرکٹ پر ہے مگر انہیں ٹیم کے ساتھ وارم اپ کرنے یا نیٹ پریکٹس کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

ایک سوال کہ اگر انہیں کرکٹ بورڈ بلائے اور مکی آرتھر سے ہاتھ ملانے کا کہے تو؟ اس کے جواب میں عمر اکمل کا کہنا تھا کہ انہیں اللہ اور پی سی بی پر مکمل بھروسہ ہے اور وہ کرکٹ بورڈ کے ہر فیصلے کو تسلیم کریں گے۔

سینئر کرکٹرز نے بھی عمر اکمل کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس کو ’خودکش پریس کانفرنس ‘ قرار دیا اور انہیں اپنے رویے کو درست کرنے کا مشورہ دیا ۔

سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے کوچز کا رویہ سخت ہوتا ہے اور وہ ڈسپلن پر سمجھوتا نہیں کرتے، عمر اکمل کو سمجھنا چاہیے کہ کوچ اگرسختی نہیں کرے گا تو کیا گود میں بٹھا کر لوریاں سنائے گا۔

اسی طرح سابق کرکٹر سکندر بخت نے بھی عمر اکمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عمر اکمل کو اپنے رویے کو درست کرنے اور فٹنس بہتر کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔

مزید خبریں :