کھیل
Time 18 اگست ، 2017

نجم سیٹھی کی چیرمین پی سی بی تعیناتی کیخلاف دائر درخواست خارج

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست خارج کردی۔

نجم سیٹھی کی بطور چیرمین پی سی بی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر جسٹس مامون الرشید شیخ اور جسٹس ناصر اقبال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نجم سیٹھی کو پی سی بی آئین کے خلاف چیرمین تعینات کیا گیا۔

درخواست گزار نے کہا کہ سابق پیٹرن نواز شریف 28 جولائی کو وزارت عظمیٰ سے نااہل ہوئے اور نااہلی کے بعد نواز شریف کے مستقبل کے لئے جاری احکامات غیر مؤثر ہوگئے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نجم سیٹھی اور عارف اعجاز کے لئے 6 اگست کا بطور بورڈ آف گورنر نوٹیفکیشن غیر مؤثر ہوگیا۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 6 اگست کے نوٹی فکیشن کی بنیاد پر چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی تعیناتی کالعدم کی جائے۔

عدالت نے سوال کیا کہ کیا پی سی بی کے چیرمین کا عہدہ پبلک آفس کی تعریف میں آتا ہے جس پر پی سی بی کے وکیل نے کہا کہ چیرمین پی سی بی کا عہدہ پبلک آفس کی تعریف میں نہیں آتا۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے نجم سیٹھی کی بطور چیرمین پی سی بی تعیناتی کے خلاف درخواست خارج کردی۔

خیال رہے کہ 9 اگست کو  پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے اجلاس کے دوران نجم سیٹھی بلامقابلہ پی سی بی کے چیرمین منتخب ہوئے تھے۔

مزید خبریں :