شریف خاندان سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرایا جائے، فواد چوہدری


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے حدیبیہ پییپر مل کیس دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے، اگر نوازشریف اور ان کا خاندان نیب سے تعاون نہیں کرتا تو نیب کا مروجہ طریقہ کار استعمال کیا جائے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کا آج نیب کے سامنے پیش نہ ہونا اداروں کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

شریف برادران 20 سال تک اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے اور اب بتا رہے ہیں کہ پاکستان کے حالات ٹھیک نہیں ہیں۔

 کئی ایکڑ کے گھروں میں رہنے والے آج ملک میں انقلاب کی باتیں کر رہے ہیں، کلثوم نواز کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے بھی پیش نہیں ہوئیں کیونکہ وہ چھوٹے افسر کے سامنے پیش ہونے کو اپنی توہین سمجھتی ہیں

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب کرپشن کی تحقیقات کررہا ہے جبکہ حسن نواز کی 13 کمپنیوں کے نیٹ ورک کا ریفرنس آنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ایل این جی سے تعلق نہیں تو اتنے بڑے منی لانڈرنگ کی حمایت کیوں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف ایف زیڈ ای کمپنی کے چیرمین اور کلثوم نواز ڈپٹی چیرپرسن ہیں۔

نیب میں ریفرنسز کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ سوالوں کا جواب دینے کے لیے انہیں پیش ہونا چاہیے، اگر نہیں پیش ہوں گے تو سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس سوالوں کے جواب نہیں۔

مزید خبریں :