خانیوال: پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے کارکنان میں تصادم، ایک شخص جاں بحق

خانیوال میں تحریک انصاف اور (ن) لیگ کے کارکنان کےدرمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق خانیوال کے علاقے الحدیث چوک پر تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کے درمیان تصادم میں جاں بحق ہونے والے کی شناخت عامر کے نام سے ہوئی جو انٹر کا طالب علم تھا۔

دونوں جانب سے کارکنان نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں کی برسات کردی جس کے نتیجے میں عامر اور دو مزید افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ عامر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق تصادم کے بعد ایک شخص بھی لاپتا ہوا جو بعد میں اپنے گھر کے باہر زخمی حالت میں پایا گیا اور اس کی شناخت رانا بلال کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے تحریک انصاف کے 13 کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا جب کہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مزید خبریں :