کھیل
Time 18 اگست ، 2017

سات مواقع کے باوجود عمراکمل فٹنس ٹیسٹ کلئیر کرنے میں ناکام رہے، پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔

مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹیم سے نکالے جانے پر نیا محاذ کھول دیا اور سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کرکٹ سے دور رکھا جارہا ہے۔

پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ سے نکالے جانے پر عمراکمل کی جانب سے بے بنیاد الزامات کی شدید مذمت کی ہے۔

پی سی بی کے مطابق عمر اکمل کو فٹنس میں بہتری لانے کے لئے کم از کم 7 مواقع فراہم کئے گئے لیکن وہ اپنی فٹنس میں بہتری لانے میں ناکام رہے۔

پی سی بی کے مطابق عمر اکمل کو دورہ ویسٹ انڈیز سے قبل فٹنس بہتر بنانے کے لئے کہا گیا لیکن لاہور میں ٹیسٹ کے دوران وہ ٹیسٹ کلیئر کرنے میں ناکام رہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھی عمر اکمل کو فٹنس میں بہتری لانے کی ہدایت کی گئی  اور چئپمئنز ٹرافی کے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل ہونے کے باوجود وہ فٹنس ٹیسٹ کلئیر نہ کرسکے ۔

پی سی بی کے مطابق ٹیم کے ٹرینر کسی بھی ایونٹ سے پہلے کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ لیتے ہیں اور یہ پالیسی کا حصہ ہے، فٹنس ٹیسٹ میں مکمل ناکامی کے بعد عمر اکمل کو ٹیم سے باہر کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔

خیال رہے کہ عمر اکمل نے الزام عائد کیا تھا کہ انگلینڈ میں ڈمی ٹیسٹ لینے کے بعد انہیں ٹیم سے باہر کیا گیا جب کہ انہیں ٹیم سے باہر رکھنے کے لئے مسلسل سازشیں کی جارہی ہیں۔

مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے چند روز قبل ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر بھی الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہیڈ کوچ نے انہیں انضمام الحق کے سامنے گالیاں دیں۔

دوسری جانب کوچ مکی آرتھر نے عمر اکمل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے کرکٹر کو کوئی گالی نہیں دی۔

پی سی بی نے عمر اکمل کو ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر گالیوں کے الزامات پر وضاحت کے لئے شوکاز نوٹس بھی جاری کیا جس کا انہیں 7 روز میں جواب دینا ہے۔ 

عمر اکمل کے تنازعات :

قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل پہلے مرتبہ تنازع کا شکار نہیں ہوئے، اس سے قبل بھی وہ اپنے بیانات اور رنگین مزاجی کی وجہ سے تنازعات کا شکار رہے ہیں۔

2014 میں سگنل توڑنے پر عمر اکمل کو ٹریفک وارڈن نے روکا تو وہ اس سے جھگڑ پڑے جس کے بعد انہیں ایک دن تک تھانے میں رہنا پڑا۔

اس کے علاوہ فیصل آباد میں ایک تھیٹر کے دوران ان کا وہاں کے اہلکاروں سے بھی جھگڑا ہوا جبکہ حیدرآباد میں مبینہ طور پر ایک ڈانس پارٹی میں بھی پکڑے گئے۔

مزید خبریں :