نواز شریف ایجنسیوں کی وجہ سے الیکشن میں کامیاب ہوتے رہے: کائرہ

مسلم لیگ ن کا رویہ قبضہ گروپ والا ہے،کائرہ — فوٹو : جیو نیوز اسکرین گریب

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے الزام عائد کیا ہے کہ میاں صاحب ایجنسیوں کی وجہ سے الیکشن میں کامیاب ہوتے رہے اور انہوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ چھینا ہے۔

بلاول ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ میاں صاحب کے خلاف فیصلہ آگیا تو سسٹم اور نظام خراب ہوگیا، اگر فیصلہ نہیں آتا تو سب کچھ اچھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا رویہ قبضہ گروپ والا ہے، اس نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ چھینا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نظام بہتری کی جانب چل رہا ہے، ہم اگلے الیکشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور عوام کے پاس اپنا مقدمہ لے کر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کسی نے نظام کو نہیں چھیڑا، میاں صاحب کو ان کے جرائم پر اور ان کے کیے کی وجہ سے ہٹایا گیا۔

رہنما پیپلز پارٹی نے نوازشریف کو نیب کے سامنے پیش نہ ہونے پر بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ میاں صاحب نوٹس ملنے کے باوجود نیب میں پیش نہیں ہوئے۔ 

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ مفاہمت کی طرف گئی ہے اور تمام سیاسی قوتوں کو ملا کر پالیسیاں بناتی ہے۔

مزید خبریں :