اسپیکر نے کسی جج کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کیا، ترجمان قومی اسمبلی


اسلام آباد: ترجمان  قومی اسمبلی نے اسپیکر ایاز صادق کی جانب سے کسی جج کے خلاف ریفرنس دائر کیے جانے کی تردید کردی ہے۔

آج صبح سے اطلاعات سامنے آرہی تھیں کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کے خلاف ریفرنس دائر کیا ہے جب کہ خبر سے متعلق مختلف ذرائع سے معلومات بھی سامنے آئیں جس سے معاملے میں بحث زور پکڑ گئی۔

نمائندہ جیونیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے ترجمان نے اسپیکر کی جانب سے کسی بھی جج کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی تردید کردی ہے۔

ترجمان قومی اسمبلی کا مختصر بیان میں کہنا تھا کہ اسپیکر نے کسی جج کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کیا لہٰذا اسپیکر کے بارے میں بیان بازی اور مبالغہ آرائی سے گریز کیا جائے۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے سپریم کورٹ کے جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی خبر سامنے آئی تھی جس کے مطابق ایاز صادق نے ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر کیا۔

ریفرنس سے متعلق سامنے آنے والی تفصیلات میں بتایا گیا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ریفرنس آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت دائر کیا جو جسٹس آصف سعید کھوسہ کے ریمارکس کے خلاف دائر کیا گیا جس میں انہوں نے ایاز صادق کو نوازشریف کا وفادار قرار دیا۔

اس حوالے سے اٹارنی جنرل آفس کے ذرائع کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کے خلاف ریفرنس تیار کرلیا ہے۔

دوسری جانب اسمبلی ذرائع نے بتایا تھا کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے سپریم جوڈیشل کونسل کو کوئی ریفرنس نہیں بھیجا گیا اور اسمبلی سیکریٹریٹ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کے خلاف کوئی ریفرنس تیار بھی نہیں کیا گیا۔

اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع نے بھی وضاحت کی تھی کہ کوئی بھی ریفرنس تیار کرکے محکمہ قانون کو بھیجا جاتا ہے اور محکمہ قانون کو اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے کوئی مسودہ نہیں بھیجا گیا۔

علاوہ ازیں جیونیو ز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت طلال چوہدری نے بھی ریفرنس بھیجے جانے کی تردید کی تھی۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کی اطلاع کے مطابق ابھی ریفرنس دائر نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر پارلیمنٹ کے کسٹوڈین ہیں اس لیے پارلیمنٹ کی عزت اور تحریم کی حفاظت کرنا ان کا فرض ہے۔

مزید خبریں :