نوازشریف نے آئین و قانون کے خلاف علم بغاوت بلند کردیا ہے۔ شیخ رشید

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہےکہ نوازشریف نے آئین و قانون کے خلاف علم بغاوت بلند کردیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف نے آئین و قانون کے خلاف علم بغاوت بلند کردیا ہے، ملکی حالات خراب ہونے جارہے ہیں جس کی وجہ ایک نااہل شخص ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کی وجہ سے اسمبلی کا تشخص خراب ہوا، وہ واحد اسپیکر ہیں جو وزیروں کی طرف دیکھ کر رولنگ کا اشارہ کرتے ہں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چوکوں چوراہوں پر جے آئی ٹی اور ججوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ان کے پاس سپریم کورٹ میں کچھ نہیں تھا اور ریفرنسز کا جواب دینے کے لیے بھی کچھ نہیں ہے۔

اس سے قبل جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ ایاز صادق کو جاتی امرا بلا کر یہ فیصلہ کیا گیا، نوازشریف ہمیشہ قربانی کے بکروں کا سہارا لیتے ہیں اور ان کے پاس ایسے کئی بکرے موجود ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ انہوں نے کسی قیمت پر بھی نیب کے سامنے پیش نہیں ہونا، انہوں نے آئین و قانون سے بغاوت کا اعلان کردیا ہے، نوازشریف نے ان ججز کے فیصلے کو ماننے سے انکار کردیا جن کا فیصلہ انہوں نے ماننے کا کہا تھا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ نے جے آئی ٹی کے خلاف کوئی ریفرنس یا اپیل فائل نہیں کی، جے آئی ٹی میں پیش ہوئے لیکن اب نوازشریف ایک نفسیاتی مسئلے میں پڑ گئے ہیں اور یہ لڑائی نوازشریف کی ہی ہدایت پر شروع کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ نوازشریف کی طرف سے اعلان جنگ ہے، انہوں نے جس راستے کا انتخاب کیا ان کی سیاست ختم ہوچکی ہے، سسٹم کو شدید خطرات لاحق ہیں کیونکہ جسٹس کھوسہ مستقبل کے چیف جسٹس ہیں۔

شیخ رشید نے نیب میں حدیبیہ پیپر ملز کے بارے میں نوٹس بھیجنے کا بھی اعلان کیا۔

مزید خبریں :