ایاز صادق نوازشریف کی کرپشن بچارہے ہیں، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ریفرنس سے عیاں ہوگیا کہ ایازصادق نواز شریف کی کرپشن بچارہے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے سپریم کورٹ کے جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی خبر سامنے آئی تھی جس کے مطابق ایاز صادق نے ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر کیا لیکن اب تک ریفرنس کی خبروں کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

چیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے کہاکہ ریفرنس سے عیاں ہوگیا کہ ایاز صادق نواز شریف کی کرپشن بچارہے ہیں اور ان کے ریفرنس سے بدنیتی صاف جھلکتی ہے۔


انہوں نے کہا اسپیکر کا یہ کہنا کہ ان کا دفتر تحقیقاتی ادارہ نہیں کئی سوال جنم دیتا ہے اور پھر ایاز صادق نے میرے اور جہانگیر ترین کے خلاف الیکشن کمیشن ریفرنسز کیسے بھجوائے؟


پی ٹی آئی چیرمین کا کہنا تھا کہ ایاز صادق کے پاس تحقیقات کی صلاحیت نہیں تو نواز شریف کے خلاف ریفرنس کیسے مسترد کیا اور (ن) لیگ کرپشن بچانے کیلیے ہر حد تک جانے پر آمادہ دکھائی دیتی ہے۔



مزید خبریں :