این اے 120 کی انتخابی مہم: (ن) لیگ نے شریف فیملی میں اختلافات کی خبریں مسترد کردیں

لاہور: ترجمان مسلم لیگ(ن) نے این اے 120 کی انتخابی مہم پر شریف خاندان میں اختلافات کی خبروں کی تردید کردی۔

میاں نوازشریف کی پاناما کیس میں نااہلی کے بعد خالی ہونے والی این اے 120 کی نشت پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا جس کے لیے کلثوم نواز مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شریف فیملی میں اختلافات مخالفین کی خواہش ہوسکتی ہے جو کبھی پوری نہیں ہوگی۔

ترجمان کے مطابق پرویز ملک کو بطور صدر مسلم لیگ (ن) لاہور این اے 120 کی انتخابی مہم کی ذمے داری سونپی گئی جب کہ حمزہ اور مریم نواز پرویز ملک کے شانہ بشانہ کام کریں گے۔

پرویز ملک کو بطور مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر انتخابی مہم کی ذمہ داری سونپی گئی جب کہ مریم اور حمزہ ان کے شانہ بشانہ کام کریں گے،
ترجمان مسلم لیگ (ن)

ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں نوازشریف نے شہبازشریف، حمزہ شہباز اور پرویز ملک کو جاتی امرا بلایا تھا جس میں انہوں نے پرویز ملک کو انتخابی مہم چلانے کی ذمہ داریاں سونپی تھیں۔

دوسری جانب نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں این اے 120 کی انتخابی مہم کے لیے ہونے والے پارٹی اجلاس کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ شریف خاندان میں اختلافات کی توقع رکھنے والے خاک چاٹیں گے اور حمزہ اور پرویزملک نے این اے 120 سے متعلق اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔

ادھر حمزہ شہباز کے ترجمان عمران گورائیہ کا کہنا ہےکہ این اے 120 کی انتخابی مہم کے دوران حمزہ شہباز لاہور میں ہی ہوں گے اور مہم میں بھرپور حصہ لیں گے۔

مزید خبریں :