کسی ایسے ڈائیلاگ کا حصہ نہیں بنیں گے جو کرپشن کو تحفظ دیتا ہو، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ ہم اپنی ’احتساب سب کا‘ مہم کو آگے بڑھائیں گے اور کسی ایسے ڈائیلاگ کا حصہ نہیں بنیں گے جو کرپشن کو تحفظ دیتا ہو۔

کوئٹہ میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں سب کا بلاتفریق احتساب ہونا چاہیے اور ہم اپنی 'احتساب سب کا' مہم کو آگے بڑھائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آرٹیکل 62 اور 63 کی شق تمام لوگوں پر لاگو ہونی چاہیے اور آئین سے صادق اور امین کی شق کو ختم نہیں کرنے دیں گے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاستدانوں سمیت سب کااحتساب چاہتے ہیں، کرپٹ لوگوں کے کتے مکھن کھاتے ہیں لیکن غریب علاج اور روزگار سے بھی محروم ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نظریاتی کرپشن کی وجہ سے ملک سے سودی نظام ختم نہیں ہوا اور ملک دولخت ہونے کے علاوہ صوبائیت میں تقسیم ہوا، کرپشن اور ملک ساتھ ساتھ نہیں چل سکتا۔

سراج الحق نے کہا کہ دولت لوٹنے والوں کو پکڑا جاتا ہے تو کہا جاتا ہے کہ جمہوریت کو خطرہ ہے، نواز شریف کو نااہل کیا گیا تو کہا گیا سب ادارے غلط ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ڈائیلاگ ملک میں کرپشن کے خاتمے کے لیے کرنا چاہییں تاہم جماعت اسلامی ایسے کسی ڈائیلاگ کو نہیں مانتی جو کرپشن کو تحفظ فراہم کرتا ہو۔

مزید خبریں :