بلاول کی صورت میں نئی بوتل میں پرانا مشروب بیچنے کی کوشش کی جارہی ہے، نعیم الحق

تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی صورت میں نئی بوتل میں پرانا مشروب بیچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے بلاول کو بتا دیا کہ آپ غلط دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔

نعیم الحق کے مطابق بلاول کے سامنے نوجوانوں نے ' آئی آئی پی ٹی آئی' کے فلک شگاف نعرے لگائے جب کہ صوبائی حکومت کی مکمل آزادی کے باوجود پختون عوام نے بلاول کو مسترد کردیا۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ پرکشش نعروں سے عوام کی گردنوں پر مسلط ہونے کا وقت گزر گیا اور ایک ’بیماری‘سے نجات کے بعد قوم دوسری’وبا‘ گلے لگانے کو تیار نہیں جب کہ قوم کرپشن، اقربا پروری اور موروثیت کو کسی طور قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔

نعیم الحق نے کہا کہ تحریک انصاف نے نوجوانوں میں سیاسی شعور جگایا، پنجاب اور سندھ کے عوام پختونخوا کی طرح ایک نیا اجالا چاہتے ہیں اس لیے بلاول سندھ کے لوگوں کی زندگیوں سے عذاب کم کریں۔

مزید خبریں :