بالی وڈ میں تینوں خانز کے علاوہ بھی اسٹار موجود ہیں: عامر خان

بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کہا ہے کہ فلم نگری میں تینوں خانز کے علاوہ بھی اسٹار موجود ہیں جن کی فلمیں سپرہٹ ہوتی ہیں۔

عامر خان اپنے کردار میں ڈھل جانے والے سپر اسٹار ہیں جو حقیقی رنگ بھرنے کے لیے اپنی جان کو بھی داؤ پر لگا دیتے ہیں اسی لیے ان کو موجودہ دور کا ’’دلیپ کمار‘‘ کہا جاتا ہے۔

مسٹر پرفیکشنسٹ کی فلمیں باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کرتی ہیں اور ان کی فلم ’’دنگل‘‘ اب تک دنیا بھر میں 1800 کروڑ سے زائد کی کمائی کرچکی ہے جس کے باعث انہیں اب باکس آفس کا کنگ کہا جاتا ہے۔

بالی وڈ کے تینوں حکمران خانز یعنی شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کی فلمیں عموماً باکس آفس پر کمائی میں سب سے آگے ہوتی ہیں اور باآسانی 100 کروڑ کا ہندسہ عبور کرجاتی ہیں لیکن اب حال ہی میں سلمان کی ’’ٹیوب لائٹ‘‘ اور شاہ رخ خان کی ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ کے بری طرح فلاپ ہوجانے نے کئی سوالوں کو جنم دیا ہے۔

عامر خان نے ایک تقریب میں شرکت کے دوران صحافیوں کے کئی سوالوں کے جواب دیئے۔ ایک صحافی کی جانب سے سلمان اور شاہ رخ کی فلموں کی ناکامی سے متعلق سوال پر عامر کا کا کہنا تھا کہ ہم سب کوشش کرتے ہیں کہ اچھا کام کریں لیکن اس سب کے باوجود ہر انسان کی زندگی میں اتار چڑھاؤ آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ایسا کام کریں کہ فلم بین خوش ہوں لیکن اس سب میں ہمیں کبھی کبھی کامیابی تو کبھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑتا ہے اور اس سے ہمیں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

مسٹر پرفیکشنسٹ کا کہنا تھا کہ اسٹارز کی بات آتی ہے تو ہم 3 خانز کا نام لیا جا تا ہے جو کہ کسی صورت صحیح عمل نہیں ہے کیوں کہ ہماری انڈسٹری میں بہت سارے اور بہت ہی با صلاحیت اداکار موجود ہیں۔

واضح رہے کہ سلمان خان کی 100 کروڑ بجٹ سے بنی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ نے باکس آفس پر مشکل سے ہی 121 کروڑ کماسکی تھی جب کہ شاہ رخ خان کی فلم ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ بھی 65 کروڑ کماسکی ہے۔

مزید خبریں :